مسقط،اسلام آباد (نیٹ نیوز،ایجنسیاں ) عمان کے سلطان قابوس سعید السعید 79 برس کی عمر میں انتقال کر گئے جبکہ ہیثم بن طارق عمان کے نئے سلطان مقرر کر دئیے گئے جنہوں نے حلف بھی اٹھا لیا ۔تفصیلات کے مطابق سلطان قابوس طویل عرصے سے بیمار اور کینسر میں مبتلا تھے ، وہ گزشتہ ماہ ہی بیلجیئم میں طبی معائنے کے بعد وطن واپس آئے تھے جہاں انہیں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، انہوں نے شادی نہیں کی تھی،سلطان قابوس کے انتقال پر عمان میں تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے اور 40 روز قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ سلطان قابوس عمان کی غیرجانبدارخارجہ پالیسی کے حوالے سے مشرق وسطی میں بالخصوص اور پوری دنیا میں بالعموم مشہور تھے ۔ سلطان قابوس خلیج فارس کے خطے میں ایک ممتاز ثالث تھے جنہوں نے امریکہ اور ایران کے مابین خفیہ مذاکرات میں سہولت کار کا کردار ادا کیا تھا جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان تاریخی مذاکرات اور 2015 کے جوہری معاہدے طے پائے تھے ۔ ان کی نماز جنازہ سلطان قابوس جامع مسجد میں ادا کی گئی جس میں لوگوں کی بڑی تعدا د شریک ہوئی۔عمان میں رائج طریقہ کار کے مطابق شاہی خاندان3روزمیں جانشین کاچناؤکرنے کامجازہے لیکن اگر 3روزمیں جانشین کاچناؤنہ ہو تو پھر اعلیٰ حکام ایک بند لفافہ کھولیں گے جس میں سلطان قابوس نے اپنے جانشین کا نام لکھا ہے تاہم اس کی نوبت نہ آسکی اور شاہی خاندان نے ہیثم بن طارق السید کو ملک کا نیا سلطان منتخب کرلیا ہے ۔سلطان قابوس نے 1970میں عمان کاتخت سنبھالاتھا اور ان کے دورمیں عمان نے ترقی کی منزلیں طے کیں ۔ عمانی میڈیا کے مطابق نئے سلطان مرحوم کے چچا زاد بھائی ہیں ،اس وقت وہ وزیر ثقافت کے عہدے پر فائزتھے ،ہیثم بن طارق نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی ہے ، وہ عمان کی وزارت خارجہ کے سیکرٹری جنرل اور انڈر سیکرٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ 13 اکتوبر 1956 کو پیدا ہوئے اور ان کی عمر 65 سال ہے ۔متحدہ عرب امارات میں بھی تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے ، قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔صدر عارف علوی ،وزیراعظم عمران خان نے سلطان قابوس بن سعید السعید کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک وژنری لیڈر تھے جنہوں نے عمان کو جدید ریاست میں تبدیل کیا۔عمران خان نے کہا کہ عمان نے ایک پیار کرنے والا لیڈر اور پاکستان نے ایک دیرینہ دوست کھو دیا ہے ، اللہ رب العزت ان کی مغفرت فرمائے ۔دریں اثنا وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ،چیئرمین سینٹ اور دیگر رہنمائوں نے بھی انکے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے جبکہ عالمی رہنمائوں نے سلطان قابوس کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ماڈریٹ لیڈر اور عرب اور امہ کے چیمپئن تھے ۔ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا کہ انکی وفات خطے کیلئے بڑا نقصان ہے ،شامی صدر بشارالاسد نے کہا کہ انہوں نے اپنے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالا۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب اور اس کے عوام اس موقع پر عُمان میں اپنے بھائیوں کے غم میں شریک ہیں۔ اللہ رب العزت عُمان میں حکمراں خاندان اور عوام کو صبر اور ہمت عطا فرمائے اور سلطنت عُمان اور اس کے برادر عوام پر امن و استحکام اور ترقی کے سائے کو دوام بخشے ۔ عراق ،لبنان ،کویت ، عرب امارات ،اردن ،مصر ،برطانیہ ،امریکہ اوردیگر ممالک کے رہنمائوں نے بھی انکی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے ۔