لاہور،ملتان ، اسلام آباد، راولپنڈی (نمائندہ خصوصی سے ، جنرل رپورٹرز، سپیشل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹر) بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کا145 واں یوم پیدائش لاہور سمیت ملک بھر میں ہفتہ کو ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مساجد اور مدارس میں ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ قائد کی روح کو ایصال ثواب کے لئے مختلف اداروں، تنظیموں کی جانب سے قرآن خوانی کا سلسلہ جاری رہا۔ کراچی میں مزار قائد ؒ پر عسکری، سیاسی اور سماجی شخصیات نے مزار قائد پر حاضری دی ۔ ٹی وی چینلز، ایف ایم اور ریڈیو پر خصوصی پروگرام نشر کیے گئے ۔مسلح افواج کی جانب سے بابائے قوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ،ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے پیغام میں کہا قوم کی حقیقی کامیابی قائد کے امن و خوشحال پاکستان کے وژن میں پنہاں ہے ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قائد اعظم کے یوم ولادت پر اپنے پیغام میں کہا دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کوختم نہیں کرسکتی۔ پوری قوم آج کے دن اس عہد کی تجدید کررہی ہے کہ قائد کی امید، جرات اور اعتماد کے پیغام پر عمل پیرا ہیں۔ سربراہ پاک فضائیہائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابرسدھو نے قائداعظم کے یومِ ولادت پر اپنے پیغام میں کہا قائداعظم دور اندیش انسان تھے ۔ انھوں نے اپنے زریں اصولوں اتحاد، ایمان اوریقینِ محکم سے مسلمانان پاک و ہند کو متحد کیا اورایک الگ وطن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ۔ائیر فورس کو قائد کے تصور سیکنڈ ٹو نن کے عین مطابق دنیا کی غیر یقینی صورتحال میں ہمیں استعداد بڑھانی ہوگی۔ پاک فضائیہ کی جانب سے بانی پاکستان کے یوم پیدائش پر مختصر دورانیے کی دستاویزی فلم کا اجرا کیا گیا۔ مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ پی ایم اے کے کیڈٹس نے مزار قائد پر سکیورٹی کی ذمے داریاں سنبھال لیں۔ وزارت اطلاعات و نشریات اور ذیلی اداروں کے زیر اہتمام قائداعظم کی سالگرہ کے حوالے سے لائٹ شو منعقد ہوا۔