لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے گورنر پنجاب چودھری سرورنے ملاقات کی،وزیراعلیٰ آفس میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، ترقیاتی منصوبوں اور چونیاں میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پر پیشرفت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا،وزیراعلیٰ اور گورنرنے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی اور مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت مقتول بچوں کے غمزدہ خاندانوں کو ہر ممکن سپورٹ فراہم کرے گی، مشتبہ افراد کے ڈی این اے ٹیسٹ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں کروائے جا رہے ہیں، ملزم قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے ، مقدمے میں انسدادد ہشت گردی کی دفعہ شامل کر دی گئی ہے ۔ گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہاکہ ہم چونیاں میں مقتول بچوں کے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہماری تمام تر ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں،انہوں نے کہاکہ پاکستانی حکومت کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی، گورنر پنجاب نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو عمرے کی ادائیگی پر مبارکباد دی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملاقات کی،صوبائی وزیر صحت نے صوبے میں ڈینگی پر قابو پانے اور ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ انسداد ڈینگی کیلئے متعلقہ محکموں کو خواب غفلت سے بیدار ہو کر عملی اقدامات کرکے مرض کا خاتمہ کرنا ہے ۔دریں اثنا انہوں نے عوامی فلاح کے کاموں میں فرائض میں کوتاہی پر ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ افسروں سے جواب طلب کر لیا ،لاہور اور قصور کی سڑکوں کے اردگرد تجاوزات، سڑکوں کی خراب حالت زار اور صفائی وسینی ٹیشن کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کیا،وزیراعلیٰ نے ٹھوکر نیاز بیگ سے ڈاکٹر ہسپتال کینال روڈ تک سٹریٹ لائٹس بند ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی جس پر ایل ڈی اے کے حکام نے متعلقہ افسران کی جواب طلبی کی اور اس ضمن میں ایل ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر ہارون سیفی، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز رضا حسن رانا، کاشف درانی اور بہادر علی سے جواب طلب کر لیا گیا ہے اور متعلقہ افسران کو 24 گھنٹے میں تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ چھانگا مانگا میں ناقص انتظامات پر کارروائی کرتے ہوئے سب ڈویژنل فاریسٹ آفیسر آغا حسین شاہ کو معطل کر دیا گیا اور سیکرٹری جنگلات نے معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔