Common frontend top

کور کمانڈرز کانفرنس کا پاکستان میں عدم استحکام کی بھارتی کوششوں پر شدید اظہار تشویش: پاک فوج قوم، ریاستی اداروں کی مدد سے تمام چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار:آرمی چیف

بدھ 25 نومبر 2020ء





اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ) آرمی چیف نے کہا ہے پاک فوج ریاستی اداروں اور قوم کے تعاون سے تمام داخلی و بیرونی چیلنجوں کو ناکام بنانے کیلئے پوری طرح تیار ہے ۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی زیرصدارت جی ایچ کیو میں کور کمانڈر زکانفرنس ہوئی جس میں جیو سٹریٹجک ، علاقائی و قومی سلامتی، سرحدوں سمیت کنٹرول لائن کی صورتحال کا جائرہ لیاگیا جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فورم نے افغان امن عمل میں مثبت پیشرفت کا بھی جامع جائزہ لیا۔فورم نے بھارتی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں کے ناقابل تردید شواہد پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ بھارت کی سی پیک کو سبوتاژکرنے کی کوششیں اور پاکستان بالخصوص آزادکشمیر ، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کیلئے دہشتگرد تنظیموں کی مالی اعانت اورتربیت میں ملوث ہونا خطے میں امن و سلامتی کے منافی ہیں۔فورم میں بھارتی فورسز کی جانب سے ایل او سی پر سیز فائرکی خلاف ورزیوں میں حالیہ اضافے کامعاملہ بھی زیرغور آیا۔ فورم نے ایل او سی کیساتھ مقیم بیگناہ شہریوں کوبھارتی فائرنگ سے بچانے کیلئے تمام اقدامات اٹھانے اور کسی بھی مس ایڈونچر کیخلاف مادر وطن کے دفاع کیلئے مضبوط عزم کا اظہارکیا۔فورم نے کووڈ-19 کی صورتحال اور دوسری لہر کے بعدوبائی امراض کا مقابلہ کرنے کیلئے ضروری اقدامات پر بھی غور کیا۔ آرمی چیف نے خصوصی طور پر کمانڈرز کو قومی کوششوں کی حمایت کیلئے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا پاک فوج ریاستی اداروں اور قوم کی مدد سے تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار ہے ۔ ان چیلنجز کوپاکستانی عوام کیلئے امن و استحکام کے مواقع میں بدلنا ہمار فرض ہے ۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں