Common frontend top

پی آئی سی واقعہ ٹیسٹ کیس،ذمہ داربچ نہیں سکیں گے :عثمان بزدار، جاں بحق مریضو ں کے لواحقین کیلئے مالی امدادکااعلان

جمعه 13 دسمبر 2019ء





لاہور(وقائع نگار،مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس ہوا ۔اجلاس میں پی آئی سی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کے مختلف پہلوؤں اور کیس پر ہونے والی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے جاں بحق ہونے والے مریضوں کے لواحقین کیلئے مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت جاں بحق مریضوں کے لواحقین کو 10، 10 لاکھ روپے مالی امداد دے گی۔انہوں نے کہاکہ اگرچہ مالی امداد کسی انسانی جان کا نعم البدل نہیں لیکن ہم غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹروں اور دیگر لوگوں کی گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائے گا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور سپیکر پنجاب اسمبلی نے پی آئی سی میں ہنگامہ آرائی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ڈاکٹروں،پیرامیڈیکل سٹاف،مریضوں اور ان کے لواحقین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پی آئی سی کا افسوسناک واقعہ ایک ٹیسٹ کیس ہے ۔ ذمہ دار عناصر قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے ۔ صوبے میں قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے آخری حد تک جائیں گے ۔ہسپتالوں میں مریضوں، ان کے لواحقین اور ڈاکٹروں کو پورا تحفظ دیں گے ۔کل کا واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے اور اس واقعہ کی تحقیقات شروع ہو چکی ہیں اور ذمہ دار اپنے انجام کو پہنچیں گے ۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وکلاء کی ہنگامہ آرائی کا کوئی جواز نہیں بنتا تھا۔مہذب معاشرے میں ایسے غیر انسانی فعل کی رتی بھر بھی گنجائش نہیں ہوتی۔مریضوں کو علاج کی سہولت سے زبردستی روکنا مجرمانہ فعل ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہماری تمام تر ہمدردیاں متاثرہ لوگوں کے ساتھ ہیں ۔رکن قومی اسمبلی مونس الہٰی او رپرنسپل سیکرٹری وزیراعلی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے جہلم کے قریب جی ٹی روڈ پر ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اورحادثے کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ہے ۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں