Common frontend top

نیب بورڈ : نواز ،شہباز شریف، سرتاج عزیز کیخلاف نئی تحقیقات کی منظوری: ایل ڈی اے سٹی کرپشن کیس بند

بدھ 15 جولائی 2020ء





اسلام آباد(نامہ نگار،92 نیوزرپورٹ، ایجنسیاں)قومی احتساب بیورو (نیب) کے ایگزیکٹو بورڈ نے سابق وزیراعظم نواز شریف، شہبازشریف ،سرتاج عزیز کے خلاف نئی تحقیقات کی منظوری دے دی جبکہ شہباز شریف، احد چیمہ کیخلاف ایل ڈی اے سٹی کرپشن کیس عدم شواہد پر بند کردیاگیا ۔چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے ۔ نیب نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف اور ان کے بھائی میاں شہباز شریف کے خلاف ایک نئے کیس میں تحقیقات کی منظوری دی ۔نیب اعلامیہ کے مطابق نواز شریف کے خلاف رائیونڈ روڈ کرپشن کیس انکوائری میں ٹھوس شواہد ملنے پر انوسٹی گیشن کی منظوری دی گئی، نواز شریف نے سرکاری فنڈز سے اڈہ پلاٹ سے جاتی عمرہ تک اپنے گھر کے لیے سڑک بنائی۔ اسی طرح شہبازشریف اور سرتاج عزیز کے خلاف ایک نجی یونیورسٹی کے پاس دو رویہ سڑک کی تعمیرکے سلسلے میں کیس کی انکوائری کی جارہی ہے ۔شہبازشریف پرالزام ہے کہ انہوں نے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے سرتاج عزیز کو بطور یونیورسٹی عہدیدار یہ دو رویہ سڑک بنانے میں مدد دی۔،شہباز شریف، احد چیمہ کے خلاف ایل ڈی اے سٹی کرپشن کیس کی جاری نیب تحقیقات عدم شواہد پر بند کرنے کی منظوری دی گئی،نیب ایگزیکٹوبورڈ نے انوائرمنٹ مینجمنٹ کمپنی، پنجاب انڈسٹریل کمپنی، لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی، پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ کمپنی کے افسران کے خلاف کرپشن انکوائری بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ نیب کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق رکن پنجاب اسمبلی مہر حامد رشید کے خلاف ہیون ولاز فیصل آباد میں کرپشن کے الزامات پر انکوائری کی منظوری دیدی گئی اسی طرح سابق ڈی آئی جی پولیس رانامحمد اقبال ،عتیق الرحمان ،شیخ اعجاز سابق ایم پی اے کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دی گئی جبکہ ارشد وحید چیف ایگزیکٹو آفیسر میسرز ای آر پی ایل اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس احتساب عدالت میں جمع کرانے کی منظوری بھی دی گئی ہے ۔ چیئرمین نیب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ اور کرپشن فری پاکستان کیلئے نیب کوشاں ہے ،نیب کی اولین ترجیح میگا کرپشن کیسز مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے ،احتساب سب کی پالیسی کے تحت 466 ارب بلواسطہ اور بلاواسطہ ریکور کرکے قومی خزانہ میں جمع کروائے مفرور اور اشتہاری ملزموں کی گرفتاری کیلئے قانون کے مطابق اقدامات کئے جائیں گے ۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں