کنڈیسنی یوگا میں اعصابی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ایک بہت مشہور اور زبردست کریا Kirya موجود ہے۔ آپ دن میں دو سے تین بار اس مراقبے نما کریا کو کرس کتی ہیں۔ یوگا میٹ یا نرم چٹائی پر سیدھے لیٹ جائیں، تھوڑی دیر کے لیے اپنے آپ کو بالکل ڈھیلا ڈھالا اور پُر سکون چھوڑ دیں۔ اپنا دائیاں بازو اور بائیں ٹانگ زمین سے اوپر اٹھالیں اور بائیں ہاتھ کی شہادت کی انگلی سے ناک کا بایاں نتھنا بند کر کے دائیں نتھنے سے سانس لیتے رہیں اور ساتھ 30 تک گنتی گنیں۔ اگر 30 تک گنتی گننا مشکل ہو تو 15 تک یا جہاں تک آسانی سے گِن سکیں گِن لیں۔ گنتی پوری ہوتے ہی دایاں بازو اور بائیں ٹانگ زمین پر رکھ دیں اور اسی وقت دائیں ہاتھ کی شہادت کی انگلی سے دایاں نتھنا بند کر لیں اور بایاں بازو اور دائیں ٹانگ اٹھالیں۔ اب بائیں نتھنے سے اسی طرح 30 کی گنتی تک سانس لیتے رہیں۔ جیسے ہی گنتی پوری ہو بازو اور ٹانگ نیچے رکھ دیں اور فوراً دونوں نتھنوں کو بند کر کے 15 یا 30 کی گنتی تک سانس روک کر سیدھے ہی لیٹے رہیں۔ اس کے بعد اپنے آپ کو بالکل ڈھیلا چھوڑ دیں اور 5 منٹ تک ایسی طرح ڈھیلے اور پر سکون لیٹ کر گہرے سانس لیتے رہیں اور اس دوران اپنا سارا فوکس اپنے پیٹ پر رکھ اور پیٹ کے اتار چڑھاؤ کا مشاہدہ کریں۔ آپ دیکھیں گے کہ سانس لینے پر پیٹ اوپر کی طرف آئے گا اور سانس نکالنے پر نیچے کی طرف جائے گا۔ اس کریا Kirya کو آپ ایک دن میں 3 سے 5 دفعہ دھرا سکتی ہیں۔

بٹر فلائی ایکسرسائز بھی تحمل اور برداشت بڑھانے کے لیے اہم ہے۔ زمین پر بیٹھ کر دونوں پاؤں کے تلوے آپس میں جوڑ لیں اور گٹھنوںکو اوپر نیچے تتلی کے پروں کی طرح ہلانا شروع کریں اور ایک سے دو منٹ تک یہ ورزش کرتے رہیں۔ بظاہر دیکھنے میں یہ ٹانگوں کی ورزش لگتی ہے، مگر دوسرے بہت سے فوائد کے ساتھ ساتھ یہ ڈپریشن کو کم کرنے اور اعصاب کو مضبوط بنانے میں بھی بہت مددگار ہے۔

گردن اور کندھوں کی سادہ ورزش بھی اعصاب کو مضبوط بناتی ہے۔ کیونکہ انساین دماغ اور جسم کے درمیان کا رابطہ گردن کے عفلات کی وجہ سے بھی قائم دائم ہے، یہ ہی وجہ ہے کہ زیادہ ٹینشن اور پریشانی میں گردن اور کندھے اکڑ جاتے ہیں۔ سیدھے بیٹھ جائیں کمر کو بالکل سیدھا کرلیں اور گردن کو بالکل نیچے موڑ لیں کہ آپ کی تھوڑی سینے سے ٹچ کرنے لگے، 5 کی گنتی میں رُکیں اور پھر گردن کو بالکل پیچھے کی طرف لے جائیں اور چھت کو گھورنے کی کوشش کریں۔ 5 سیکنڈ اسی پوزیشن میں رُکیں اور اب آگے پیچھے گردن کو تین دفعہ دھرا لیں۔ اس کے بعد چہرہ سامنے رکھتے ہوئے گردن کو دائیں کندھے کی طرف اسی طرح جھکائیں جیسے کہ آپ دائیں کان سے دائیں کندھے کو چھونے کی کوشش کر رہی ہیں۔ یہاں بھی 5 سیکنڈ کے لیے رُکیں اور اسی طرح بائیں طرف رکھیں اور اسے 3 دفعہ دھرا لیں۔ اب اپنی گردن کو دائیں اور بائیں باری باری اس طرح twist کریں، جس طرح سلام پھیرتے ہوئے کرتے ہیں اور 5 سیکنڈ کے وقفے کے ساتھ اس کو بھی 3 دفعہ دھرالیں۔

گردن کی ورزش مکمل کرنے کے بعد اپنے کندھوں کو گول گول گھمائیں۔ دونوں کندھوں کو اوپر کانوں کی طرف لے جائیں اور پھر اوپر سے پیچھے کی طرف لے جائیں اور پھر وہاں سے نیچے لے آئیں اب دوبارہ کندھوں کو آگے اور اوپر کی طرف اور پھر پیچھے اور نیچے کی طرف لائیں دس سے 15 دفعہ اس طرح ضرور کریں۔