کراچی (سٹاف رپورٹر)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت سمجھے ،ملک چلانا کرکٹ میچ نہیں،حکمران پارلیمنٹ پر تالا لگائیں گے تو سیاسی جماعتیں مجبورہونگی،ملک میں مارشل لاء لگا تو پیپلزپارٹی بھرپورمزاحمت کریگی،عمران خان مدت پوری نہیں کریں گے ،عوام کے مسائل صرف جمہوری دورمیں ہی حل ہوسکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جناح ہسپتال میں کینسرکے مریضوں کے علاج کیلئے قائم سائبرنائف سیکشن کے دورے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے وفاقی حکومت کو شدید تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی حکومت 5 سالہ مدت پوری نہیں کریگی،عوام کے مسائل کا حل جمہوریت میں ہے ،ملک میں مارشل لاء جیسی صورتحال پیدا ہوئی تو ماضی کی طرح بھرپورکردارادا اورملک میں غیرجمہوری حکومت کیخلاف مزاحمت کریں گے ،انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ میں صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 11 پرغیرجانبداراداروں کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لاڑکانہ میں کم ٹرن آؤٹ کے باعث ضمنی انتخابات میں بے ضابطگی ہوئی،ووٹنگ کی شرح کو سست ریکارڈ کیا گیا،سچ چھپایا نہیں جاسکتا،ہم اس سلیکشن کو بے نقاب کریں گے اوردوبارہ انتخابات کرواکرنشست جیتیں گے ،انکا کہنا تھا کہ مجھے اپنے جیالوں پرفخرہے ، جنہوں نے دباؤ کے باوجود جدوجہد کی اگراداروں کی مدد سے الیکشن جیتے جائیں تو وفاق پربرا اثرپڑتا ہے ،انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کے حالات اس نہج پرلے آئے ہیں کہ کراچی سے کشمیرتک ہرطبقہ پریشان ہیں،حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات کرے ،پیپلزپارٹی ملک کی واحد پارٹی ہے جو اقتدارمیں آکرعوام کو انکے حقوق فراہم کرتی ہے ،انہوں نے کہا کہ عمران خان میں صلاحیت نہیں کہ اپنی مدت پوری کر سکیں،تمام سیاسی جماعتوں کی کوشش ہونی چاہیئے کسی کو آمریت کا موقع نہ دیں،عوام کے مسائل کا حل جمہوریت ہے ،انکا کہنا تھا کہ تاجرسمیت ہرکوئی حکومت کیخلاف سراپا احتجاج ہے ،مسائل حل نہیں ہونگے تو ملک انارکی کی طرف جائیگا،حکومت کو سمجھنا چاہیے کہ ملک چلانا کوئی کرکٹ میچ نہیں،وزیراعظم کا فرض ہے کہ وہ عوام میں اعتماد پیدا کریں،سندھ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کررہی ہے ، صوبے میں غریبوں کو علاج کی سہولت مل رہی ہے ۔