اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،مانٹرنگ ڈیسک)21 رکنی وفاقی کابینہ آج عہدوں کا حلف لے گی جبکہ کابینہ کا پہلا اجلاس بھی آج ہی طلب کرلیاگیا ہے ۔ حلف اٹھانے والی کابینہ میں 16 وفاقی وزرااور 5 مشیر شامل ہیں، حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہو گی۔ وزیراعظم آفس سے جاری تفصیلات کے مطابق مخدوم شاہ محمود قریشی خارجہ امور، پرویز خٹک دفاع، اسد عمر خزانہ، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا بین الصوبائی رابطہ، شیخ رشید احمد ریلوے ، خالد مقبول صدیقی انفارمیشن ٹیکنالوجی و مواصلات، شفقت محمود وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، فواد احمد اطلاعات و نشریات، زبیدہ جلال دفاعی پیداوار، غلام سرور خان پٹرولیم و قدرتی وسائل، ڈاکٹر شیریں مہر النسامزاری انسانی حقوق، نور الحق قادری مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، چودھری طارق بشیر چیمہ سیفران، سینیٹر ڈاکٹر محمد فروغ نسیم قانون و انصاف، عامر محمود کیانی قومی صحت اور مخدوم خسرو بختیار آبی وسائل کے وفاقی وزیر ہوں گے جبکہ محمد شہزاد ارباب اسٹیبلشمنٹ، عبدالرزاق داؤد کامرس، ڈاکٹر عشرت حسین ادارہ جاتی اصلاحات ، امین اسلم موسمیاتی تبدیلی اور ظہیر الدین بابر اعوان پارلیمانی امور کے مشیر ہوں گے ۔ ادھروزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس آج طلب کرلیا ہے ۔وزیراعظم معاشی،اقتصادی اورسماجی پالیسیوں سے متعلق وزرا کو آگاہ کریں گے ،وفاقی کابینہ کا افتتاحی اجلاس وزیراعظم آفس میں ہوگا۔