پشاور (این این آئی)یونیورسٹی آف پشاور کے ماہر آثار قدیمہ نے کہاہے کہ انہوں نے 2 صدی قبل مسیح، انڈو گریک دور کا لوہے کا کارخانہ دریافت کرلیا ہے ۔پروفیسر گل رحیم کے مطابق یہ دریافت پشاور کے نزدیک حیات آباد میں چندروزقبل سامنے آنے والے آثارقدیمہ میں ہوئی ہے ۔اس مقام پر گزشتہ 3 سال سے کام کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ انہیں انڈو گریک دور کے سکے بھی ملے ہیں جو تقریباً 2 ہزار 200 سال پرانے ہیں۔پروفیسر کے مطابق انڈو گریک افغانستان سے ہجرت کرکے پشاور آئے تھے اور اس علاقے میں انہوں نے 150 سال تک حکومت کی تھی۔انہوں نے کہاکہ ان باقیات میں لوہے کو پگھلانے کے سانچے ، چھریاں وغیرہ پائی گئی ہیں۔ لگتا ہے کہ کارخانہ دو حصوں میں تھا ۔