Common frontend top

اپوزیشن جماعتوں کا گٹھ جوڑ ذاتی مفادات کے تحفظ کیلئے ہے :عثمان بزدار

اتوار 26 مئی 2019ء





لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی معاملات اور میڈیا کو واجبات کی ادائیگی پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا گٹھ جوڑ صرف ذاتی مفادات کے تحفظ کیلئے ہے ، غیر فطری اتحاد کی داغ بیل اپوزیشن رہنماؤں نے اپنے کرپشن کے داغ چھپانے کے لئے ڈالی ہے ،فردوس عاشق اعوان نے رمضان بازاروں میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے بہترین انتظامات پر پنجاب حکومت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں صوبائی حکومت نے رمضان پیکیج کے تحت حقیقی معنوں میں عوام کو ریلیف دیا ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے مختلف مکتبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام نے ملاقات کی،وزیراعلیٰ نے انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے حوالے سے علماء کرام سے بھرپور تعاون کی اپیل کی۔ علماء کرام نے انسداد پولیو مہم میں بھرپور تعاون کرنے کا اعلان کیا اور پولیو کے خاتمے کیلئے مستقل بنیادوں پر موثر انداز میں کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات کرنے والوں میں طاہر اشرفی، خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد، ڈاکٹر محمد حسین اکبر، حافظ زبیر احمد ظہیر، راغب نعیمی، مولانا غلام محمد سیالوی، خطیب جامعہ مسجد داتا دربار مفتی رمضان سیالوی، غلام مصطفی رضوی، مولانا ضیاء الحق نقشبندی، مولانا بدرالزمان قادری، خطیب جامعہ مسجد وزیر خان مولانا احمد رضا سیالوی، ڈاکٹر سعد صدیقی، خطیب جامعہ مسجد نیلاگنبد مفتی اسحاق ساقی الازہری، غلام مصطفی ثاقب،مولانا شفیق احمد پسروری، مولانا خالد، جامعہ المنتظر کے مولانا حافظ کاظم رضا نقوی اور دیگر علماء کرام شامل تھے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اقلیتی طلبا و طالبات نے ملاقات کی، وزیراعلیٰ نے 18 اقلیتی طلبا و طالبات میں مجموعی طور پر8 لاکھ 25 ہزار روپے مالیت کے سکالرشپ کے چیک تقسیم کئے ۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ نے راولپنڈی کے علاقے نانک پورہ میں خواتین پر فائرنگ کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آر پی اوراولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی ۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں