لاہور، راولپنڈی ،کراچی (جنرل رپورٹر،سٹاف رپورٹر،رپورٹر92نیوز )پنجاب میں ڈینگی کے وار بدستور جاری ہیں ، 24 گھنٹوں میں مزید 230افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہوئے ۔ جبکہ ایک شخص جاں بحق ہو گیا ۔تفصیلات کے مطابق ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں زیر علاج ڈینگی سے متاثرہ32سالہ حسین خالق حقیقی سے جاملا۔ راولپنڈی میں 188،لاہور میں 15ڈینگی کے مریض ہسپتالوں میں پہنچے ۔اٹک4، بہاولنگر سے 1، گوجرانوالہ،حافظ آباد چکوال سے 2،2 کیس سامنے آئے ۔گجرات4، جہلم اور ننکانہ صاحب سے 1،1 سرگودھا سے 6، ملتان سے 3، شیخوپورہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ۔پنجاب میں رواں برس ڈینگی مریضوں کی تعداد7470ہوگئی۔ڈینگی بخار سے پنجاب میں رواں برس ہلاکتوں کی تعداد 12ہے ،صوبہ بھر میں زیر علاج مریضوں میں سے 5کی حالت نازک ہے ۔گذشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے پنجاب بھر میں 244103ان ڈور اور 82916آؤٹ ڈور مقامات کوچیک کیا۔1628مقامات سے ڈینگی لاروا تلف کیا گیا۔گذشتہ روز صوبہ بھر سے ڈینگی لاروا کی موجودگی پر 77کمرشل مقامات کے خلاف مقدمات درج ہوئے اور 13گرفتار ہوئے ۔ڈینگی لاروا کی موجودگی پر 763کو وارننگ اور 14 مقامات سیل کیے گئے ۔ دریں اثنا صوبائی وزیراقلیتی امورو خوراک سندھ ہری رام کشوری لال بھی ڈینگی بخار میں مبتلاہوگئے ،بخارکی شدت زیادہ ہونے انکے خون کے نمونے ٹیسٹ کرائے گئے جس میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی۔