اسلام آباد(خبر نگار خصوصی، مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی)پی ڈی ایم نے 23مارچ کو اسلام آباد کی طرف مہنگائی مارچ کااعلان کردیا، اجلاس میں سیالکوٹ وا قعہ کی بھرپور مذمت کی گئی جبکہ سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس آج طلب کرلیاگیا۔ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے اسلام آباد میں سربراہی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سربراہی اجلاس میں اہم معاملات پر مشاورت کی گئی۔اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیاگیا۔سلیکٹڈ حکومت آج ناکامی کے باوجود اپنی ضد پر ڈٹی ہوئی ہے ۔کوئی شک نہیں 2018 کے نیتجے میں دھاندلی کی پیداوارحکومت وجود میں آئی۔ پی ڈی ایم اجلاس میں اسمبلیوں سے استعفوں کا معاملہ بھی زیرغور آیا۔استعفوں کا کارڈ کب کھیلنا ہے ، فیصلہ وقت پر کرینگے ۔پی ڈی ایم 23مارچ کو اسلام آباد کی طرف مہنگائی مارچ کرے گی۔ملک بھر سے کارکنان اسلام آباد پہنچیں گے ۔مہنگائی مارچ کیلئے صوبائی سطح پر اجلاس بلائے جائینگے ۔پنجاب میں شہبازشریف اور خیبرپختونخوا میں خود اجلاس کی صدارت کروں گا۔پی ڈی ایم سندھ کے اجلاس کی صدارت اویس نورانی کرینگے ۔پی ڈی ایم بلوچستان کے اجلاس کی محمود خان اچکزئی کرینگے ۔مہنگائی مارچ سے متعلق سیمینار کا انعقاد بھی کیاجائے گا۔ سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن، پاکستان بارکونسل، بزنس کمیونٹی سے بھی ملاقات کریں گے ، مشاورت سے ایک بڑا سیمینارمنعقد کیا جائے گا۔پی ڈی ایم کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منگل کو دن2بجے طلب کیا گیا ہے ۔عوام کے مسائل کے حل کیلئے 23مارچ اسلام آبادمیں منائینگے ،آگے آگے دیکھیں ہوتا ہے کیا۔ملک کے ہر کونے سے لوگ اسلام آباد آئینگے ،بہت بڑا مظاہرہ ہوگا۔ جمہوریت میں ہر فیصلہ آخری نہیں ہوتا۔بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔پی ڈی ایم اجلاس میں سیالکوٹ واقعے کی بھرپور مذمت کی گئی۔ اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ سیالکوٹ جیسے واقعات کی غیر مشروط مذمت کرتے ہیں۔ ریاست آئین اور قانون کو حرکت میں آنا پڑے گا۔ میری اپنی حکومت بھی ہوتی تو یہی کہتا کہ کوتاہی ہوئی ہے ۔ مذہب سے متعلق کوئی واقعہ ہو تو اسے بہت ہائی لائٹ کیا جاتا ہے ، ایسے واقعات روکنے کے لئے قومی سوچ کو سامنے لانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بندوق کے ذریعے کسی نظریے کی بات کرنے کی شروع سے مخالفت کر رہے ہیں، ہم آئین قانون اور جمہوریت کی صف میں کھڑے ہیں۔