لاہور ہائیکورٹ نے حکومت سے25 مئی کے لانگ مارچ تشدد کیس کی انکوائری رپورٹیں تین ہفتوں میں طلب کر لی ہیں۔ عدالت نے پنجاب حکومت کو انکوائری ٹربیونل کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے وفاقی حکومت سے آنسو گیس شیلز کے سٹاک اور استعمال شدہ شیلز کی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں پنجاب حکومت اور وفاق نے جس طرح وحشیانہ تشددکیا تھا وہ کسی سیاہ دھبے سے کم نہیں ۔ ریاست پاکستان تما م سیاسی جماعتوں کو آئین و قانون کے دائرے میں احتجاج کی اجازت دیتی ہے لیکن احتجاج کرتے نہتے لوگوں پر شیلنگ کرنا ،انھیں زدوکوب کرنا ،گاڑیوں کو پولیس کی سرپرستی میں توڑنا، خواتین پر لاٹھی چارج کرنا گھروں میں گھس جانااور زائد المعیاد آنسو گیس شیلز برسانے کی گنجائش نہیں ہے ۔ لاہور ہائیکورٹ نے انکوائری رپورٹ مانگی ہے حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ فی الفور انکوائری رپورٹ مہیا کرے اور ماورا آئین و قانون کام کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے تاکہ وہ مستقبل میں کسی بھی سیاسی مہم کا حصہ نہ بنیں ۔اگر حکومت نے لیت ولعل سے کام لیا تو پھر مستقبل میں کہیں ایسا نہ کہ مخالف فریق کے خلاف ایسی اندھی طاقت استعمال کرنے کی روایت پڑ جائے ،اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ پولیس کواس کے دائر ے میں ہی رکھا جائے تاکہ سیاسی جماعتیں آزادی کے ساتھ اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں ۔