ملک بھر میں گزشتہ روز یوم تکریم شہدائے پاکستان جوش و جذبے سے منایا گیا۔سول و عسکری قیادت نے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ملک بھر میں شہداء کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کی محافل منعقد ہوئیں اور دعائیں کی گئیں۔یوم تکریم شہداء کی مرکزی تقریب جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی۔ مہمان خصوصی چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے جی ایچ کیو میں یادگار شہداء پر حاضری دی‘ پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔مسلح افواج کے حاضر اور ریٹائرڈ افسران نے بھی تقریب میں شرکت جبکہ پاک بحریہ ‘ پاک فضائیہ ‘ فارمیشن ہیڈ کوارٹر اور پولیس کی شہداء یادگاروں پر بھی تقریبات منعقد ہوئیں ۔اس میں شبہ نہیں کہ 9مئی کے واقعات سے قوم کا ہر سطح پر نقصان ہوا ہے۔ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی یادگاروں کو نشانہ بنانا ذی شعور قوم کا شیوہ نہیں۔ فوجی و سول تنصیبات پر حملوں کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ہماری سکیورٹی فورسز آج بھی دہشت گردی کے خلاف برسر پیکار ہیں، پوری قو م ان کے ساتھ ہے۔جمعرات کے روز بھی ہماری سکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرکے 6دہشگردوں کو ہلاک کر دیا اور ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا جبکہ شمالی وزیرستان میں خودکش حملہ میں ایک شہری اور تین اہلکار شہید ہو گئے ۔ شہدا کی یہ قربانیاں آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہیں اورہمارے اس عزم کو تقویت دیتی ہے کہ وطن عزیز کو دہشت گردوں سے ہر صورت پاک کیا جائے گا۔