لاہور( حافظ فیض احمد )ریلوے حکام نے ٹرینوں میں مسافروں کو بغیر ٹکٹ سفر کرانے والے گارڈ ،سپیشل ٹکٹ ایگزامینر اور دیگر عملے کو بطور سزا برانچ لائن کی ٹرینوں میں ٹرانسفر کرنے کا عمل شروع کردیا ۔ عرصہ دراز سے ٹرینوں میں بغیر ٹکٹ سفر کے رحجان میں کمی نہیں آسکی، جس کی وجہ سے سرکاری خزانے کو سالانہ کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا جارہا ہے ، ٹکٹ کے بغیر سفر کرنے والے مسافروں سے لاکھوں روپے ماہانہ جرمانے وصول کئے جاتے ہیں جبکہ بغیر ٹکٹ سفر کرانے والے مافیا کے ارکان جرمانے کی رقم سے بھی زیادہ لوٹ کھسوٹ کررہے ہیں ۔ لاہور اور کراچی کے درمیان مین لائن پر چلنے والی مسافر ٹرینوں کراچی ،قراقرم ،شالیمار ،عوام ،جناح ،گرین لائن ،بزنس ،علامہ اقبال اور تیز گام میں ڈیوٹی لگوانے کے لئے ٹرین کا عملہ اور ریلوے پولیس اہلکار اپنا اثرورسوخ اور متعلقہ عملے کی مٹھی گرم کرتے ہیں،ریلوے انتظامیہ نے اس حوالے سے ملوث عملے کے خلاف ایکشن لیا اور سزا ئیں بھی دی گئی لیکن ٹرینوں میں بغیر ٹکٹ سفر کا رحجان جاری ہے ، اس پریکٹس کو روکنے کیلئے چیف کمرشل منیجر ریلوے عمران حیات خان نے ٹرینوں میں اچانک چھاپے ما رنا شروع کر دیئے ہیں ۔گزشتہ روز بھی ریلوے کی ٹیم نے لاہور راولپنڈی کے درمیان چلنے والی ریل کار میں چھاپہ مار کر بغیر ٹکٹ 22افراد کو پکڑ لیا اور ان سے ہزاروں روپے جرمانے سمیت کرایہ وصول کیا۔چیف کمرشل منیجر کا کہنا ہے کہ ٹرینوں میں بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے پیشہ ور افراد کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری ہے اور جوبھی اس کام میں ملوث ہوا اس کے خلا ف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔