ژوب،کوئٹہ، راولپنڈی، اسلام آباد (کرائم رپورٹر، نامہ نگاران،92 نیوزرپورٹ،نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک ) بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز اور بارودی سرنگ کے دھماکہ کے نتیجہ میں کیپٹن سمیت 6فوجی شہیداور2زخمی ہوگئے جبکہ ایک دہشتگرد ہلاک ہوگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کوہلو کے علاقہ کاہان میں مصدقہ اطلاعات پر24دسمبر سے کلیئرنس آپریشن شروع کیا گیا تھا۔گزشتہ روز آپریشن کے دوران لیڈنگ پارٹی کی گاڑی کے قریب آئی ای ڈی دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں کیپٹن سمیت 5اہلکار شہید ہوگئے ۔شہدامیں کیپٹن محمد فہد خان،لانس نائیک امتیاز،سپاہی مہران،سپاہی شمعون،سپاہی اصغر شامل ہیں۔کاہان میں دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔ سکیورٹی فورسز وطن کے دفاع کیلئے پرعزم ہیں۔بزدلانہ کارروائیاں سخت محنت سے حاصل بلوچستان کے امن و خوشحالی کو سبوتاژ نہیں کرسکتیں۔سکیورٹی فورسز خون اور جانوں کی ہر قربانی دے کردشمن کے عزائم ناکا م بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔شہدا نے بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی کیخلاف لڑتے ہوئے اور مادر وطن کے دفاع کیلئے اپنی جانیں قربان کیں۔علاوہ ازیں بلوچستان کے ضلع ژوب میں سکیورٹی فورسز کے خفیہ اطلاعات پر آپریشن میں ایک دہشتگرد ہلاک ہو گیا جبکہ دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلہ میں سپاہی حق نوازشہیداور2 فوجی جوان زخمی ہو گئے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق ژوب کی تحصیل سمبازہ میں مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا ہے ۔ علاقہ کی مسلسل نگرانی کے بعد آپریشن کے نتیجہ میں ایک دہشتگرد گروہ کی نشاندہی ہوئی۔ یہ آپریشن گزشتہ 96 گھنٹوں سے جاری تھا۔ دہشتگردوں کے ایک گروپ کو گزشتہ صبح روکا گیا۔علاقہ کی ناکہ بندی پرجب فرار کے تمام راستے بند ہوگئے تو دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کر دی۔ فورسز کی جوابی فائرنگ پر ایک دہشتگرد ہلاک ہو گیا۔ دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے سپاہی حق نواز شہید جبکہ 2 فوجی جوان زخمی ہوگئے ۔ آپریشن کا مقصد دہشتگردوں کی جانب سے بعض مشتبہ راستوں کے استعمال کو روکنا ہے ۔ دہشتگرد سرحد پار سے بذریعہ پاک افغان سرحد خیبرپختونخوا میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دہشتگرد ان راستوں سے داخل ہو کر شہریوں اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ سرحد پار سے دہشتگردوں کو انکے سہولت کاروں نے فائرنگ کرکے مدد فراہم کی جبکہ بقیہ دہشتگرد عناصر کے مکمل صفائے کیلئے علاقہ میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران شہید ہونیوالے پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ صدر نے شہداکے ورثا سے اظہار تعزیت کیااور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہا۔صدر مملکت نے شہداء کیلئے بلندی درجات کی دعا کی اور شہید کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی کیا ۔صدر مملکت نے آپریشن میں زخمی ہونیوالوں کیلئے جلد صحتیابی کی دعابھی کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران شہید فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے دہشتگردوں کیخلاف موثر کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ قوم کے بہادر بیٹے دہشتگردوں کے عزائم کو خاک میں ملا رہے ہیں ۔قوم اپنے شہیدوں کو سلام پیش کرتی ہے ۔انہوں نے شہداکے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ،شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمی جوانوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے بلوچستان میں کیپٹن فواد سمیت فوجی جوانوں کی شہادت پر لواحقین سے اظہار افسوس کیا اور شہدا کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔انہوں نے کہا کہ شہدا ہماری قوم کے ماتھے کا جھومر اور فخر ہیں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی بلوچستان میں جوانوں کی شہادت پر اظہار فسوس کیا ۔