لاہور ، کوئٹہ، باجوڑ ( کرائم رپورٹر ، 92 نیوز رپورٹ) باجوڑمیں تباہی کابڑامنصوبہ ناکام بنادیاگیا،سرکاری ذرائع کے مطابق بم ڈسپوزل سکواڈنے کالج میں نصب 26بم برآمد کرکے ناکارہ بنادیئے ، بم تحصیل خارکے علاقے عنایت قلعہ کے کالج میں نصب کئے گئے تھے ،نائب صوبیداراحسان اللہ کے مطابق بروقت کاررو ائی کرتے ہوئے بڑی تباہی کوٹال دیاگیا،فورسزنے علاقے کوگھیرے میں لے کرسرچ آپریشن شروع کردیا۔ کوئٹہ میں نواں کلی بائپاس پرسی ٹی ڈی کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2دہشتگردمارے گئے ،ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق فائرنگ سے سی ٹی ڈی کی گاڑی کوجزوی نقصان پہنچا،اہلکارمحفوظ رہے ،دہشتگردوں کے قبضے سے دھماکہ خیزمواداور2پسٹل برآمد ہوئے ،دہشتگرددھماکہ خیزموادسے بھری موٹرسائیکل شہرمیں تخریب کاری کیلئے لارہے تھے ،ہلاک دہشتگردوں کی حکمت اورکفایت کے نام سے شناخت ہوئی۔ سی ٹی ڈی نے بہاولنگر میں کارروائی کر کے کالعدم تنظیم کے تین دہشت گرد گرفتار کرلئے ، بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کرلیا۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی نے ہارون آباد بائی پاس کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے تین دہشت گردوں عمران خان،عابد سہیل اور محمد رضا کو گرفتار کرلیا،سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان شہر کے حساس مقام پر دھماکہ کا منصوبہ بنا رہے تھے ،سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کا تعلق فیصل آباد،لاہور اور خیبر ایجنسی کے اضلاع سے ہے ،سی ٹی ڈی نے گرفتار دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد کا شاپنگ بیگ، 7 ڈیٹونیٹرز، 11 حفاظتی فیوز، بال بیرنگ، الیکٹرک بیٹری اور دیگر سامان قبضہ میں لے لیا، تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج کرکے انہیں تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ، آئی جی پولیس پنجاب 3 دہشت گردوں کی گرفتاری پر سی ٹی ڈی ٹیم کو شاباش دی۔