روزنامہ 92نیوز کی خبر کے مطابق پنجاب پولیس نے آئی جی کے حکم پر 29جنوری تک آگاہی مہم اور 30جنوری سے بغیر لائسنس گاڑی اور موٹر سائیکل چلانے والوں کو 2ہزار جرمانے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ٹریفک کو رواں رکھنا ٹریفک پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے، حکومتیں ٹریفک رواں رکھنے اور شہریوں کی حفاظت کے لئے ٹریفک قوانین بناتی ہیں، بدقسمتی سے پاکستان کا مسئلہ قوانین نہیں بلکہ ان پر عملدرآمد کا ہے، جب بھی پولیس کی قیادت تبدیل یا کوئی بڑا حادثہ رونما ہوتا ہے، تو ٹریفک پولیس عوامی اور حکومتی دبائو پر قوانین پر سختی سے عملدرآمد شروع کر دیتی ہے مگر کچھ عرصہ گزرنے کے بعد عوام اور خود ٹریفک اہلکار پرانی ڈگر پر آ جاتے ہیں۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ ڈرائیونگ لائسنس کو یقینی بنا کر ناصرف ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جا سکتی ہے بلکہ حادثات میں قیمتی جانی نقصان سے بھی بچا جا سکتا ہے، اب ایک بار پھر آئی پنجاب لائسنس کے بغیر گاڑیاں چلانے والوں کو جرمانے کا فیصلہ کیا ہے جو یقینا احسن اقدام ہے مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ ٹریفک پولیس اس قسم کے اقدامات کو وقتی ابال اور ریونیو جمع کرنے کاحربہ خیال کرتی ہے ۔بہتر ہو گا حکومت قانون کے نفاذ کو یقینی بنانے کے ساتھ شہریوں کے لئے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں آسانیاں پیدا کرے اور بچوں کی چنگ چی چلانے کے قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنائے تاکہ ٹریفک میں روانی کے ساتھ حادثات سے بھی بچا جا سکے۔