لاہور(نمائندہ خصوصی سے )صوبائی حکومت نے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں گذشتہ مالی سال کی نسبت 27فی صد زائد ٹیکس وصولی کر لی ۔ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے ایک رپورٹ حکومتی ذمہ داروں کو پیش کی گئی ہے ، جس میں قرار دیا گیا ہے کہ وفاق کی جانب سے قابل تقسیم محاصل کے تحت31جنوری2020 تک 684.5ارب وصول ہوئے جبکہ گزشتہ مالی سال میں وفاق نے پنجاب کو 31 جنوری تک 504.7ارب کی ادائیگی کی تھی۔یہی نہیں صوبائی حکومت کو ہائیڈل پرافٹ کی مد میں وفاق سے 6ارب روپے بھی موصول ہوئے ۔ذرائع نے بتایا کہ محکمہ خزانہ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ صوبائی حکومت نے رواں مالی سال 20-2019 کے لیے ریونیو کلیکشن کی مد میں 388 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 42 فیصد زیادہ تھا۔صوبائی اداروں نے گزشتہ سال کی نسبت رواں مالی سال کے دوران اپنی کارکردگی کو بہتر بنایا ہے ۔ پنجاب ریونیو اتھارٹی نے 20فیصداضافے کے ساتھ 52 ارب روپے ، بورڈ آف ریونیو نے 6 فیصد اضافے کے ساتھ 35.6ارب، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے 2 فیصد اضافہ کے ساتھ 16.5ارب روپے وصول کر لئے ۔ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے تیار کی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ پنجاب حکومت نے 6 ماہ میں 185.8ارب روپے ٹیکس کی مد میں اکٹھا کر لیا۔