اسلام آباد (لیڈی رپورٹر،92نیوز رپورٹ،این این آئی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب مرزا شہزاد اکبر نے کہا ہے برطانوی سرزمین منی لانڈرنگ کیلئے استعمال ہوئی،ہم شہباز شریف کو پکڑیں گے اور ریکوری بھی کرائیں گے ۔ گزشتہ دو دن سے سٹوری چل رہی تھی کہ ن لیگ نے برطانیہ میں مقدمہ درج کرا دیا ہے تاہم شہباز شریف نے برطانیہ میں مقدمہ دائر کرنے کے بجائے ڈیلی میلی کو شکایت کی ہے ، جس صحافی نے خبر دی تھی وہ اب بھی اپنی خبر پر قائم ہے ، اگر شہباز شریف سچے ہیں تو عدالت چلے جائیں،مجھے یقین ہے (ن) لیگ والے عدالت نہیں جائیں گے ، اگر چلے بھی جائیں تو میں اسی عدالت میں آؤں گا اور ان کی کرپشن کے تمام ثبوت سامنے لاؤں گا اور سٹوری میں جو کچھ باقی ہے وہ بھی عدالت کے سامنے پیش کروں گا،سٹوری میں صرف پانچ فیصد لکھا گیا جبکہ 95 فیصد تفصیلات میرے پاس ہیں، شہبازشریف مجھے لیگل نوٹس بھیجیں،شکایت کرنا مقدمہ کرنا نہیں ہوتا،اگرمیں جھوٹا ہوں تو میرے اوپر ایک مقدمہ اور کرلیں۔پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا شہباز شریف کے خلاف ڈیلی میل میں جو سٹوری چھپی تھی اس میں گزشتہ 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران مزید اپ ڈیٹس آئی ہیں جنھیں میڈیا کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں۔ 14 جولائی کولندن کے ایک اخبار نے سٹوری شائع کی، شہباز شریف نے سٹوری شائع ہونے کے بعد قوم سے وعدہ کیا تھا کہ وہ وزیر اعظم اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے ۔مسلم لیگ ن نے 25 جولائی کو دعویٰ کیا کہ ہم نے برطانیہ میں مقدمہ دائر کر دیا ہے جبکہ وہاں سے پریس ریلیز جاری ہوئی ہے کہ شہباز شریف نے اخبار کو صرف شکایت کی ہے ۔ (ن) لیگ نے جس مقدمے کا دعویٰ کیا تھا وہ کیوں نہیں کیا گیا، جو لیٹر اخبار کو لکھا گیا اسے میڈیاپر پبلک کیا جائے ، شہباز شریف نے لیٹر میں لکھا کہ اس میں پبلک انٹرسٹ ہے نہ میرا موقف شامل کیا گیا، انھوں نے جس اخبار کو جھوٹا کہا اسی کو شکایت کی اور خبر میں لگائے گئے الزامات کا جواب تک نہیں دیا، شہباز شریف کی 4 صفحات پر مشتمل شکایت میں خبر کی تردید نہیں کی گئی، میں نے واضح کیا تھا کہ کس طرح پیسہ ٹرانسفر کیا گیا۔شہزاد اکبر نے کہا ایرا کے فنڈز میں ڈکیتی کے ذریعے علی عمران کو فائدہ پہنچایا گیا،دو سال اس مقدمے کی کوئی پیروی نہیں ہوئی اور 2018ئمیں شہباز شریف نے اپنے داماد کو فرارکرا دیا،شہباز شریف نے کہا زلزلہ 2005 میں آیا تو میں اس وقت وزیر اعلیٰ نہیں تھا، نوید اکرام نے ایرا سے فنڈ چوری کر کے شہباز شریف کے داماد کو دیئے ،نوید اکرام سے ایک ارب روپے ریکور ہوئے ، شہباز شریف کا داماد نوید اکرام سے بھی بڑا چور ہے ۔2012 ئاور 2013 ئمیں علی عمران کو جو ادائیگیاں کی گئیں ان کی تفصیلات کہاں ہیں، منظور احمد اور محبوب علی کون ہیں اس کا جواب شہبازشریف نے نہیں دیا۔ کرپشن کی بات کرو تو یہ کہتے ہیں سی پیک خطرے میں ہے ، لاہور کی کرپشن کی بات کی جائے تو یہ کہتے ہیں برطانیہ کے ساتھ تعلقات متاثر ہورہے ہیں، 26 ملین ڈالر کی ٹی ٹیز کا کوئی جواب نہیں آیا، اس کہانی کا کردار آفتاب اکبر جو لاہور جیل میں ہے یہ ساری منی لانڈرنگ اس کی دکان سے ہو رہی تھی، مجھے اپنی قیادت پر اعتماد ہے کہ وہ ان کیسز سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ شہزاد اکبر نے کہاامریکہ سے ڈرون حملوں کے متاثرین کومعاوضہ دلانے کامعاملہ اٹھائینگے ،ریکوری کے کئی طریقے ہیں۔