لاہور(خصوصی نمائندہ)صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ بیانیو ں کی کش مکش سے نواز لیگ میں جلد پھوٹ پڑنے والی ہے ، شریف فیملی کا واحد ایجنڈا’’ساڈی جان چھڈو تے جان دیو‘‘ ہے ،مال روڈ بلاک نہیں کرنے دیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقے کے وفودسے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ لیگی ورکرز کے نام نہاد کنونشن سیاسی دباؤ بڑھانیکی ناکام کوشش ہے ، لوٹی ہوئی رقم واپس کئے بغیر کسی کو ریلیف نہیں ملے گا ۔ بعدازاں چین کے ٹیکسٹائل سیکٹر کے سرمایہ کاروں کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیروز پورر وڈ پر بننے والے گارمنٹس سٹی میں 500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی جس سے روزگار کے 30 ہزار نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی غیر ملکی سرمایہ کار ی پنجاب او رپاکستان کی حکومت پر بیرونی سرمایہ کاروں کے بھر پور اعتماد کااظہار ہے ، صوبائی وزیر نے کہاکہ ہم نے کسی کو جلسے جلوسوں سے منع نہیں کیا تاہم مال روڈ پر جلسہ نہ کرنے کے حوالے سے ہائی کورٹ کا فیصلہ موجود ہے ، چند لوگوں کے ساتھ مال روڈ بلاک کرکے کسی کو عوام کے لئے مشکلات کھڑی نہیں کرنے دیں گے ۔