Common frontend top

اپوزیشن کی اسمبلی کارروائی میں خلل کی کوشش افسوسناک،عوام نے کرپٹ عناصر کیخلاف فیصلہ کن جنگ کا مینڈیٹ دیا: وزیراعظم

منگل 18 جون 2019ء





اسلام آباد،لاہور(سپیشل رپورٹر؍ مانیٹرنگ ڈیسک،نیٹ نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ قوم کو قرضوں میں جکڑ کر ذاتی تجوریاں بھرنے والے قومی مجرم ہیں، ان سے مجرموں والا سلوک کیا جانا چاہئے ،ماضی کے حکمرانوں نے بیرونی قرضوں پر شاہانہ طرز زندگی اختیار کیا ، محض 10 سالوں کے دوران قرضوں میں 24 ہزار ارب اضافہ ہوا جس کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنایا گیا تاکہ ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے ،تحقیقاتی کمیشن کے سربراہ کے نام کا اعلان آج کردوں گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعظم نے اجلاس میں ارکان اسمبلی کو بجٹ منظوری کے عمل میں متحرک کردار ادا کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا بجٹ پر بحث کے دوران اپوزیشن کی جانب سے اسمبلی کی کارروائی میں دانستہ طور پر خلل ڈالنے کی کوشش افسوس ناک ہے ۔انہوں نے کہا جب تحریک انصاف نے حکومتی باگ دوڑ سنبھالی تو ملک بدترین مالی مشکلات کا شکار تھا ، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور چین جیسے دوست ممالک کی جانب سے تعاون کے مشکور ہیں، سابقہ حکومتوں نے ملک کو قرضوں کی دلدل میں دھکیلا جس کی وجہ سے ملکی آمدن کا تقریبا آدھا حصہ قرضوں کی قسطیں ادا کرنے میں صرف ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا عوام نے پی ٹی آئی کو سٹیٹس کو توڑنے اور کرپٹ عناصر کے خلاف فیصلہ کن جنگ کا مینڈیٹ دیا ۔انہوں نے پارٹی ارکان اسمبلی کو تاکید کی کہ بجٹ سیشن میں حاضری یقینی بنائیں اور اجلاس کو منظم طور پر چلانے اور بجٹ پاس کرانے کے سلسلے میں متحرک رہیں اور اپوزیشن کی کسی بھی سازش کو کامیاب ہونے سے روکیں ۔وزیر اعظم نے ارکان اسمبلی کو بتایا کہ موجودہ حکومت اپنی بہتر پالیسیوں کے باعث مشکل صورتحال سے باہر نکل آئی،جلد ہی حلقوں میں ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈز کا اجراء کردیا جائے گا۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کے سینیٹرز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کا پاکستان سٹریٹجک اور سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور ہے ، جلد ہمارا ملک ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار ہو گا۔ملاقات کرنے والوں میں سینیٹر شبلی فراز، نعیم الحق، فیصل جاوید شامل تھے ۔ ملاقات میں ایوان بالا میں قانون سازی سے متعلق مختلف امور خصوصاً بجٹ تجاویز سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔وزیراعظم نے کہا عوام ارکان پارلیمنٹ کو اپنے حقوق اور امنگوں کے ترجمان کی حیثیت سے دیکھتے ہیں اور ارکان جب عوام کی آواز بنتے ہیں تو عوام کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا موجودہ حکومت کی انتھک کوششوں کی بدولت دنیا پاکستان کو انتہائی اہم ملک کی حیثیت سے دیکھ رہی ہے ۔مزیدبرآں وزیراعظم سے تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری مالیات سردار اظہر طارق نے ملاقات کی ۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کو فون کرکے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) معاملے پر حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ شکریہ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں