ملتان ( سٹاف رپورٹر) سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا پاک بھارت مسائل کا حل جنگ نہیں ہے ۔ 2ایٹمی طاقت ملک جنگ کے متحمل نہیں ہوسکتے ،بھارت میں الیکشن کے باعث حالات خراب کئے جارہے ہیں، غربت، بے روز گاری اور جہالت پاکستان اور بھارت کا مشترکہ مسئلہ ہے ۔پاک فوج کو کارروائی پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے عوام کا دل جیت لیا ہے ۔ اقوام عالم پاک بھارت کشیدگی کم کرائیں۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کو کشمیر میں جاری مظالم نظر نہیں آتے ۔ من موہن سنگھ سے طے ہوا تھا کشمیر، سرکریک اور سیاچن کور ایشوز ہیں ،بطور وزیراعظم بھارت کی بلوچستان میں مداخلت کا مسئلہ اٹھایا ۔امریکہ دونوں ممالک میں حالات بہتر کرنے کے لئے کردار ادا کرسکتا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ میرا نام ای سی ایل میں نہیں تھا ،سیئول میں بین الاقوامی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرنا تھی سمجھ نہیں آتا مجھے کیوں روکا گیا ۔نیپال میں انٹرنیشنل کانفرنس میں بھی شریک ہو کر دنیا بھر سے آئے سیاستدانوں کے سامنے پاکستان کا مقدمہ لڑا ۔