اسلام آباد ،کراچی(وقائع نگار،این این آئی) پی آئی اے کا بین الاقوامی فضائی آپریشن جزوی طور پر بحال ہوگیا ،ہفتہ کو اسلام آباد سے 2خصوصی طیارے 650 مسافروں کو لے کو برطانیہ روانہ ہوئے ۔ اسلام آباد سے برطانیہ کیلئے پہلی خصوصی پرواز327مسافروں جبکہ دوسری پرواز 319 مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی۔روانگی سے قبل مسافروں کی ہیلتھ ڈیسک پرسکریننگ اور معائنہ کیا گیا اور مسافروں کے سامان اور جہاز پر اڑان بھرنے سے پہلے سپرے کیا گیا۔سی اے اے نے پی آئی اے کو برطانیہ کیلئے 8 خصوصی پروازوں کی اجازت دی ۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق آج اتوارکوبھی دو پروازیں اسلام آباد روانہ ہوں گی۔ پی آئی اے کی تمام پروازیں پاکستان سے مسافروں کو لے کر روانہ ہوں گی اور مسافروں کو بر طانیہ چھوڑ کر خالی طیارے واپس پاکستان آئیں گے ۔دوسری جانب معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ خصوصی پروازوں سے واپس آنے والوں کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا، ٹیسٹ کے نتائج آنے تک لوگ باہر نہیں جاسکتے ، ابھی تک جو فلائٹس آئی ہیں ان میں کسی مسافر میں کورونا کی تصدیق نہیں ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اب ٹیسٹنگ کے حوالے سے گنجائش بڑھ رہی ہے ۔کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں۔