لاہور(سپورٹس رپورٹر، کرائم رپورٹر)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کرکٹ کیلئے پاکستان محفوظ ملک ہے ،امید ہے دیگر ٹیمیں بھی آئیں گی۔دورہ پاکستان پر سری لنکن ٹیم کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں سپورٹس کیلئے ماحول بہت اچھا ہے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے وفود بھی پاکستان آئے ہوئے ہیں۔ میں کرکٹ کے شائقین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ سیاحت کیلئے پاکستان محفوظ جگہ ہے ۔ پچھلے دو سے تین سال کے دوران پاکستان میں ڈومیسٹک اور ٹورازم میں اضافہ ہوا ہے ۔ شمالی علاقہ جات اور خیبر پختونخوا میں سیاحوں کے رش کی وجہ سے ٹریفک جام ہونا شروع ہوگئی کیونکہ پاکستان سے خوبصورت اور پاکستان سے بہتر دنیا کا کوئی خطہ نہیں ۔ کرتار پورکوریڈور کی وجہ سے بھی بہت بڑی ٹورازم پاکستان کے اندر آگئی ہے ، صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان میں شوکت خانم میموریل ہسپتال یا کینسر کا علاج کرنیوالے جتنے بھی ادارے ہیں سب کا یہی کہنا ہے کہ پاکستان میں بریسٹ کینسر کے مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے ۔ میں اپنی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ مہینے میں ایک بار اپنا معائنہ ضرورکروائیں۔علاوہ ازیں صدر مملکت نے تیسرے ٹی20میچ کے ٹاس کے فوری بعددونوں ٹیموں کے کپتانوں کو پنک ربن لگائے اورتمام کھلاڑیوں سے مصافحہ بھی کیا۔قبل ازیں صدر مملکت عارف علوی کے لاہور پہنچنے پر پولیس کی طرف سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ۔ صدر مملکت عارف علوی کی اہلیہ ثمینہ علوی بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ پولیس اوردیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سکواڈز نے صدر عارف علوی کو گورنر ہاؤس پہنچایا۔ بعدازاں صدر عارف علوی پاک لنکا کرکٹ میچ دیکھنے قذافی سٹیڈیم بھی گئے ۔