لاہور(نیٹ نیوز)وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ حکومت اور ایجنسیوں کو دھوکہ دیکر نواز شریف لندن جا بیٹھے ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم خان سواتی نے کہا نیب سے پوچھتا ہوں کہ بڑے بڑے گھپلے کرنے والے منطقی انجام کو کیوں نہیں پہنچتے ۔سابق وزیراعظم نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اعظم سواتی نے کہا تین بار وزیراعظم بننے والا نواز شریف دھوکے باز نکلا، وہ حکومت اور ایجنسیوں کو دھوکہ دے کر ہٹا کٹا لندن جا کر بیٹھ گیا ہے ۔انہوں نے کہا عدالتی بھگوڑے اور سزا یافتہ مجرم کی بیٹی وطن کی کیا خدمت کرے گی، اپنی ڈوبی کشتی میں مولانا سمیت نوسر بازوں کو بھی ڈبو دیں گی، اگر پی ڈی ایم والے اسلام آباد آئے تو ان کا منہ کالا ہو گا۔پیپلز پارٹی کی قیادت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کرپٹ باپ کا بیٹا بلاول پاکستان کی عزت کیا بحال کرے گا۔علاوہ ازیں وزیر ریلوے نے ملازمین کی حوصلہ افزائی کیلئے نئی سکیم متعارف کروانے کا فیصلہ کرلیا، سکیم کے تحت ملازمین و افسران کو ترجیحی گرانٹ دی جائے گی۔ ریلوے ہیڈ کوارٹرز نے تینوں اے جی ایم ریلویز سے سفارشات طلب کر لی ہیں۔