خانیوال ،ملتان ،لاہور (سٹاف رپورٹر ،سپیشل رپورٹر ،خصوصی رپورٹر،92 نیوز رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک ) خانیوال کے حلقہ پی پی206 کا ضمنی الیکشن پھر ن لیگ نے جیت لیا جبکہ پی ٹی آئی کو شکست ہو ئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق تمام 183 پولنگ سٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کے رانا محمد سلیم 47649 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ،انہوں نے 13619 ووٹوں کی لیڈ سے کامیابی حاصل کی ، پی ٹی آئی کی نورین نشاط 34030 ووٹ لے کر دوسرے ، پیپلزپارٹی کے سید واثق 15059 ووٹ لے کر تیسرے ، تحریک لبیک پاکستان کے شیخ محمد اکمل 9619 ووٹ لے کر چوتھے نمبر پر رہے ،ووٹ ڈالنے کا تناسب 48.85رہا، کامیابی پر کارکنوں نے جشن منایا،آتشبازی کی ۔شہباز شریف و دیگر رہنمائوں نے کامیابی پر لیگی امید وا ر کو مبارکباد دی ۔تفصیلات کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی، یہ نشست مسلم لیگ ن کے رہنما نشاط احمد ڈاہا کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی لیکن ان کی اہلیہ نورین نشاط ڈاہا تحریک انصاف کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لے رہی تھیں ،پولنگ ختم ہونے کے فوری بعد پولنگ سٹیشن 45 پر ن لیگ اور تحریک لبیک کے کارکنوں میں لڑائی ہو ئی ،ایک دوسرے کو تشدد کا نشانہ بنایا، انٹیں برسائی گئیں،اطلاع ملنے پر رینجرز نے کنٹرول سنبھال کر کارکنوں کو منتشر کر دیا ۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار واثق سر جیس حیدرنے حکومت پر پولیس کے ذریعے بیٹے اور ڈرائیور کو ہراساں کرنے کا الزام لگا دیا اور کہاکہ میرے پرائیویٹ گارڈ کو گرفتار کر لیا گیا ، انہوں نے بعض پولنگ سٹیشنز پر پیپلز پارٹی کے ووٹرز کو ووٹ کاسٹ کرنے سے زبردستی روکے جانے کی شکایت بھی کی ، پولیس نے پیپلز پارٹی کے امیدوار کے الزامات کو مسترد کر دیا ، ڈی پی او سید کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ تھا ، گن مین روکنے کے باوجود پولنگ سٹیشن میں داخل ہوا ،امیدواروں کے ڈیروں پر صبح سویرے ووٹرز کے ناشتے کے خصوصی انتظامات کئے گئے ، 14 ماہ قبل فوت ہونے والے شخص کا بیٹا ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے پہنچا تو باپ کا ووٹ کاسٹ ہونے پر حیران رہ گیا اور تمام تر تفصیلات سے پولنگ عملے کو آگاہ کیا ، الیکشن کمیشن نے لاپروائی پر پریزائیڈنگ آفیسر کو معطل کر دیا ۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ خانیوال گئے جہاں انہوں نے پی پی امیدوار میر واثق سرجیس حیدر اور دیگر سے ملاقات کی ۔ ن لیگ کے صدرشہبازشریف نے ضمنی انتخاب میں شاندارکارکردگی پرپارٹی کارکنان کوخراج تحسین پیش کرتے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے عوام نے نواز شریف اور مسلم لیگ ن پر اعتماد کیا ہے ،جنوبی پنجاب اور خانیوال کے عوام کا خاص طور پر شکریہ ادا کرتے ہیں، عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے ۔ مریم نوازنے کہاشیرو! خانیوال کی شاندار فتح مبارک ہو،نوازشریف نام ہی کافی ہے ، رانا محمد سلیم اور مسلم لیگ ن کو بہت بہت مبارک! ۔ عطا اللہ تارڑ نے کامیابی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ خانیوال نے مسلم لیگ ن کے حق میں فیصلہ دیا ، برتری سے واضح ہوتا ہے کہ جنرل الیکشن میں کیا ٹرینڈ ہوگا ، آج لوگ مہنگائی کے خلاف نکلے ، پیسے کی بندر بانٹ سے ووٹ خریدنے والی جماعت کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ کا پنجاب میں بوریا بسترا گول ہو گیا ہے ، زرداری نے اپنی پارٹی کو ڈوبا دیا ، پیپلز پارٹی پی ٹی آئی کی بی ٹیم ہے ، رانا سلیم نے کہاکہ یہ جیت نواز شریف کے بیانیہ کی جیت ہے ۔