کراچی (سٹاف رپورٹر ،92نیوز رپورٹ ) پنجاب بینک کے صدر ظفرمسعود سمیت 2افراد معجزانہ طورپرمحفوظ رہے ، ظفرمسعودکوڈسچارج کردیاگیا، ظفر مسعود نے اپنی والدہ سے بھی فون پر بات کی اور اپنی خیریت کے بارے میں بتایا۔وہ حادثے کے بعد طیارے سے باہر جاگرے جہاں لوگوں نے اٹھا کر ہسپتال پہنچایا جبکہ محمد زبیر کو جھلسنے کے باعث جسم پر زخم آئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جہاز حادثے میں معجزانہ طور بچنے والے بینک آف پنجاب کے صدر ظفر محمود کی ہسپتال میں عیادت کی،دوران عیادت وزیراعلیٰ سندھ نے ظفر محمود کو آواز دی، مراد از ہیئر،ظفر محمود نے جواب دیا، تھینک یو سو مچ، اللہ پاک نے رحم کیا،وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ظفر آپ آرام کریں، ڈاکٹرزکو اپنی کارروائی کرنے دیں، میں پھر دورہ کروں گا۔اس موقع پر وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ الحمد اللہ ظفر محمود سٹیبل ہیں۔ ایک مسافر محمد زبیر بھی بچ گیا لیکن ہسپتال میں داخل ہے ۔ ڈپٹی چیئر مین سینٹ سلیم مانڈوی والا نے بھی بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود کی عیادت کی ۔