Common frontend top

زرداری ضمانت پر رہا: بلاول ہاؤس اسلام آباد منتقل، آج کراچی لے جایا جائیگا

جمعه 13 دسمبر 2019ء





اسلام آباد،راولپنڈی(خبر نگار خصوصی،نامہ نگار،92 نیوز رپورٹ،صباح نیوز)پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کو ضمانت پر رہا کردیا گیا،رہائی کے بعدسابق صدر کو بلاول ہاؤس اسلام آباد لے جایا گیا جہاں سے انہیں آج علاج کیلئے کراچی منتقل کیا جائے گا،شریک چیئرمین پی پی کیلئے کلفٹن کے نجی ہسپتال میں وی وی آئی پی روم تیارکرلیاگیا۔ رہائی پر جیالوں نے پمز ہسپتال کے باہرسابق صدر کا پرتپاک استقبال کیا،ان پر گل پاشی اور ان کے حق میں نعرے بازی کی،اس موقع پربلاول بھٹو، آصفہ بھٹو ، یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف بھی موجودتھے ۔آصف زرداری کے وکلا نے جمعرات کو احتساب عدالت میں ضمانتی دستاویزات جمع کرادیں جس کے بعد ان کی الگ الگ روبکاریں جاری کی گئیں، دوران سماعت احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے ضامنوں سے استفسار کیا آپ کو معلوم ہے نا کہ آپ کس کے ضامن بن رہے ہیں۔ ضامنوں توقیر خان اور رب نواز نے جواب دیا ہمیں معلوم ہے ،ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے بعد سابق صدر کی رہائی کیلئے روبکاریں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بھی بھجوا دی گئیں، روبکار جیل حکام کو پہنچانے کے بعد آصف زرداری کو رہا کردیا گیا۔پمز کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سینیٹر شیری رحمان نے کہاآصف زرداری ہر جیل کاٹ چکے ہیں،جھوٹے کیسز کا اختتام اور حکومت کو اس کا نقصان ہو گا ،سب سوال کر رہے ہیں کہ پیپلز پارٹی سوتیلی ہے ،زرداری کی طبعیت خراب ہے ،خورشید شاہ سمیت دیگر کو نیب کیسز میں پھنسادیا گیا ۔ نفیسہ شاہ نے کہاآج جمہوریت کا دن ہے ، جیالوں کو داد دیتی ہوں،پارٹی چار ماہ آزمائش سے گزری ہے ،زرداری صاحب کی صحت کیلئے دعا ؤں پر سب کے مشکور ہیں،اور بھی لیڈرز نیب کی زد میں ہیں،ملزم تو عمران خان ہیں،سلیکٹڈ حکومت کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی ۔ نفیسہ شاہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ نیب کے کالے قانون کے تحت گرفتار دیگر کارکنان اور رہنماؤں کوبھی رہا کرے ،کالے قانون کے تحت جس کو مرضی تحویل میں لے لیتے ہیں،سلیکٹڈ حکومت نے قانون، انصاف، پارلیمنٹ، الیکشن کمیشن اور عدلیہ کو یرغمال بنانے کی کوشش کی، ان سے ہماری اصولی جنگ جاری رہے گی۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں