لاہور (خصوصی نمائندہ ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی ، سموگ کے سدباب کیلئے ’’پنجاب کلین ائیر کمیشن‘‘ کے قیام کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا اور مانیٹرنگ کیلئے اضلاع و تحصیل کی سطح پر کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں،نیا بلدیاتی نظام عوام کی خواہشات کے مطابق ہوگا ۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدار ت سموگ سے بچائو کیلئے ضروری اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس میں مختلف محکموں کی سفارشات، تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بھٹہ خشت عدالتی احکامات کے مطابق 20 اکتوبر تا 31 دسمبر بند رہیں گے ۔ یکم اکتوبر سے صوبہ بھر میں فصلوں کی باقیات جلانے پر پابندی عائد ہوگی۔ ٹو سٹروک انجن، چنگ چی رکشوں، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی بندش کیلئے حکمت عملی تیار کرنیکا فیصلہ بھی کیا گیا۔ کوڑا کرکٹ جلانے سے ہونیوالے نقصان پر عوامی شعور کی آگاہی کیلئے سوشل میڈیا مہم چلائی جائیگی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور سمیت ملتان، راولپنڈی، رحیم یار خان اور فیصل آباد میں ائیر کوالٹی سسٹم پوری طرح فعال کیا جائے ۔ پڑوسی ملک سے آنیوالی ماحولیاتی آلودگی کے سدباب کیلئے سائوتھ ایشیا کوآپریشن باڈی سے رجوع کیا جائیگا ۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں نئے بلدیاتی نظام کے حوالے سے تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنایا جائے گا۔ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے حوالے سے نیا نظام اہم کردارادا کریگا ۔وزیراعلیٰ نے عاشورہ کے دوران عزاداروں کی سکیورٹی،امن وعامہ کیلئے انتظامات پر اطمینان کاا ظہار کیا ہے ۔وزیر اعلی ٰنے بہترین سیکورٹی انتظامات پر سکیورٹی اداروں کی کارکردگی کی تعریف کی ہے ۔وزیر اعلی ٰنے یوم عاشور کی دوپہر سول سیکرٹریٹ میں محرم الحرام کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔اے سی ایس داخلہ نے بریفنگ دی ۔ڈیرہ غازی خان کے عمائدین ، کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کہاکہ پسماندہ علاقوں میں تعلیم ، صحت کے منصوبوں پر بالخصوص توجہ دی جائیگی ۔ وزیر اعلیٰ نے ڈور پھرنے سے بیگم کوٹ کے رہائشی نوجوان کی ہلاکت پر ڈی آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی ہدایت کر دی۔ وزیراعلیٰ نے ایشیا کپ میں افغانستان کے خلاف جیت پر قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی ہے ۔ وزیر اعلی نے یوم عاشور پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے سیف سٹیز اتھارٹی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ کا دائرہ کار ہر ڈویژنل ہیڈ کوراٹر تک بڑھائیں گے ۔ دریں اثنا وزیر اعلیٰ نے شمالی وزیر ستان میں شہید فوجی افسر اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔