ملتان ،بہاولپور، لودھراں(سپیشل رپورٹر، نامہ نگاران،مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کے پاس 5 دن کی ڈیڈ لائن ہے ، خود مستعفی ہوجائیں، اگرغیرت ہے تو وزیراعظم اسمبلی توڑکرہمارا مقابلہ کریں۔پیپلز پارٹی کا لانگ مارچ اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے ،مارچ کا جگہ جگہ بھرپور استقبال کیا جا رہا ہے ، بلاول بھٹو کی قیادت میں مارچ ملتان پہنچ گیا۔ قبل ازیں لیاقت پور، چنی گوٹھ ،، خان بیلہ،احمدپورشرقیہ اور بہاولپور ، لودھراں میں بلاول بھٹو نے جیالوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام عمران خان سے چھٹکارہ چاہتے ہیں، عمران خان کے پاس 5 دن کی ڈیڈ لائن ہے ، اگرغیرت ہے تواسمبلی توڑ کر ہمارا مقابلہ کرو، پانچ دن بعد ہمارے پاس عدم اعتماد کے نمبرز پورے ہو چکے ہوں گے ، ہم اسلام آباد پہنچ کرتمہارا بندوبست کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ شہید بھٹوکے نامکمل مشن کومکمل کرنا ہے ۔ ہم عوامی حکومت بنا کرعوام کے مسائل کوحل کریں گے ۔ اتحادیوں کوکٹھ پتلی کا ساتھ نہیں دینا چاہئے ، ہم اس کوہٹا کرشفاف الیکشن کرائیں گے ، تمام جماعتوں کو عدم اعتماد میں ساتھ دینا چاہیے ۔بلاول بھٹو نے ملتان میں بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرآپ ہمارے ساتھ ہو تو دنیا کی کوئی طاقت راستہ نہیں روک سکتی، ق لیگ مفت میں ووٹ نہیں دے گی، انہیں بہتر پیشکش دینی چاہیے ، کون کون رابطے میں ہیں، مناسب وقت پر نام سامنے لائیں گے ، عمران خان کے بعد محدود مدت کا سیٹ اپ آئے گا، وزیراعظم کیلئے شہباز شریف کو ووٹ دینا پیپلزپارٹی کیلئے کڑا ٹاسک ہے ، ملکی مفاد میں شارٹ ٹرم کیلئے یہ قربانی دینے کو تیار ہیں۔پیپلز پارٹی کو اب کوئی کالز نہیں آتیں، اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل ہو گئی ہے تو اچھی بات ہے ۔ میرپور خاص ،مٹھی(92 نیوزرپور ٹ ) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں کوئی ترین گروپ ہے نہ بکاؤ مال، اتحادی بھی ساتھ ہیں۔ عمران خان نے بلاول بھٹو کو پیغام دیا کہ گھبرانا نہیں ہے ابھی تو پارٹی شروع ہوئی لیکن بلاول ابھی سے گھبرا گئے ہیں، لگتا ہے بچہ گھبرا گیا ۔سرکاری وسائل کے ساتھ ایک مارچ پنجاب میں لڑکھڑا رہاہے ۔ گزشتہ روز میر پور خاص سندھ میڈیا سے گفتگو اور مٹھی میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ تحریک انصاف میں ایک ہی گروپ وہ عمران خان کا گروپ ہے ۔ زر اور زرداری سمجھتے ہیں کہ کسی کو خرید لیں گے تو انکی بھول ہے ۔ زر اور زرداری کی سیاست کسی کو خرید نہیں سکے گی، ہم مقابلے کیلئے تیار ہیں۔ پارلیمنٹ کو وزیراعظم پر پورا اعتماد ہے ، عمران خان نے مہنگائی کا مسئلہ بھی حل کر دیا۔ عدم اعتماد کی تحریک سے ہوا نکل گئی۔انہوں نے کہاکہ چودھری برادران کے اعلان سے اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کی ہوا نکل گئی۔ بلاول کی پنجاب میں مقبولیت پانچ فیصد ہے ۔ سندھ میں اب پرانے نعروں کی کشش نہیں رہی۔ ن لیگ فوری انتخابات چاہتی ہے ، پیپلزپارٹی ایسا نہیں چاہتی۔ پیپلزپارٹی سندھ کو ملنے والے نو ہزار ارب روپے کا حساب دے ۔ سندھ کے لٹیرے وزیرنوکریاں بیچتے ہیں جبکہ پی پی سندھ کارڈ کھیلتی ہے ۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کئی سڑکیں تعمیر کرنے کا بھی اعلان کیا ۔