Common frontend top

قومی مفادات میں شراکت داری پر چینی سفیر کیلئے ہلال پاکستان کا اعزاز؛ صدر شی کے دورے کے منتظرہیں:عارف علوی

بدھ 23  ستمبر 2020ء





اسلام آباد،بیجنگ( خبر نگار خصوصی، مانیٹرنگ ڈیسک ،آن لائن)صدر ڈاکٹر عارف علوی نے پاک چین تعلقات بہتر بنانیکی خدمات کے اعتراف اور پاکستان کے قومی مفادات میں نمایاں شراکت داری پر پاکستانی عوام کے جانب سے چینی سفیر یاؤ جنگ کو اعلیٰ سول ایوارڈہلالِ پاکستان عطا کیاہے ۔تقریب میں چیئرمین سینٹ، صادق سنجرانی ، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزرا اور دیگر حکومتی عہدیدار شریک ہوئے ۔بعد ازاں صدرڈاکٹر عارف علوی سے سبکدوش ہونیوالے چینی سفیر نے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مستحکم کرنے کیلئے سبکدوش ہونے والے سفیر کی کوششوں کو سراہا۔صدر مملکت نے کہاکہ چین ایک قریبی دوست ہے جس نے قومی مفاد کے تمام امور پر ہمیشہ پاکستان کی حمایت کی ۔چین پاکستان اقتصادی راہداری سے علاقائی رابطوں میں اضافہ ہوگا اور خطے کے ممالک خصوصاً افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کو بے حد فائدہ ہوگا۔صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان چینی صدر شی جن پنگ کے دورے کا منتظر ہے جس سے تجارت، معیشت اور دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید تقویت ملے گی۔ اس موقع پر چینی سفیر نے کہاکہ چین خطے میں امن اور روابط کو فروغ دینے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔چینی سفیر نے مارچ 2020 میں کووڈ کے دوران چین کا دورہ کرنے پر صدر مملکت کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔چین نے صدر ڈاکٹر عارف علوی کے اس بیان کو سراہا جس میں انہوں نے افغانستان اور وسطی ایشیا کے علاقائی مفادات کو فروغ دینے میں سی پیک کی اہمیت کا ذکر کیا تھا۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ سی پیک میں نہ صرف چین اور پاکستان کے عوام کامفاد ہے بلکہ اس سے علاقائی ترقی کی راہیں بھی کھلیں گی۔سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا اہم پروگرام ہے جو پاک چین تعاون کی نمایاں علامت ہے ۔ چھ سال قبل شروع کئے پروجیکٹس میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے اور 25 بلین ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری پاکستان آرہی ہے ۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں