Common frontend top

ماں وبچہ کی صحت کی دیکھ بھال کو تعلیمی نصاب میں شامل کریں: صدرمملکت

هفته 08  اگست 2020ء





اسلام آباد ، گلگت(وقائع نگار، آن لائن) صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ ماں اور بچوں کی صحت کی دیکھ بھال سے متعلق مضامین کو تعلیمی نصاب میں شامل کریں۔ صدر ڈاکٹرعارف علوی کی زیر صدارت فیڈرل ٹاسک فورس برائے آبادی کا تیسرا اجلاس ہوا ،جس میں ملک میں آبادی میں اضافے کو روکنے کی حکمت عملی کے لیے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹرعارف علوی کا کہنا تھا کہ صوبوں میں بڑھتی آبادی کی روک تھام کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں، لوگوں کو بڑھتی آبادی کے اثرات سے آگاہ کرنے کے لیے میڈیا اور علمائے اکرام کا تعاون حاصل کرنے پر اتفاق ہے ۔ صدر نے کہا کہ پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے خاندانی منصوبہ بندی مہم چلائی جائیگی جب کہ وزارت مذہبی امور، بین المذاہب ہم آہنگی اور اسلامی نظریاتی کونسل ایک ماہ میں اجلاس بلائے گی۔ اجلاس میں خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق پروگراموں کے لیے فنڈز بڑھانے کی بھی سفارش کی گئی ۔صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے بڑھتی آبادی کی روک تھام کے لیے فنڈزبڑھانے کی درخواست کروں گا۔ ان کا مزید کہنا تھا وفاقی، صوبائی حکومتیں ٹاسک فورس کے فیصلوں کو فاسٹ ٹریک کی بنیاد پر نافذ کریں۔ علاوہ ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گلگت کے دورہ کے دوران نگران وزیر اعلیٰ میر افضل کی طرف سے مجموعی صورتحال پر دی گئی بریفنگ کے موقع پر کہا ہے کہ حکومت گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے اقدامات کر رہی ہے ، گلگت بلتستان میں سیاحت اور توانائی کے شعبوں میں ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، صحت و تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لئے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے ، دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر سے 16 ہزار 500 ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے اور گلگت بلتستان میں زراعت کے شعبے کو فروغ حاصل ہو گا۔ صدر مملکت کو دیا مر بھاشا ڈیم پر بھی بریفنگ دی گئی۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں