لاہور(جنرل رپورٹر،اپنے رپورٹر سے ) ملک میں 3مزید بچوں میں پولیو وائرس کی تصد یق ہو گئی ،رواں سال کل کیسز کی تعداد 101ہو گئی ،18 مقامات کے گٹروں کے پانی سے پولیو وائرس پکڑا گیا ہے ۔9 نمونوں میں پولیو وائرس ٹائپ ون اور 9 نمونوں میں ٹائپ ٹو وائرس کی تصدیق ہوئی ۔نئے کیسز میں سے ایک کے پی کے جبکہ دو کیسز میر پور خاص سندھ سے رپور ٹ ہو ئے ہیں ۔ قومی ادارہ صحت نے ان تین کیسز میں پولیو وائرس کی تصدیق کر دی ۔ رواں سال کے پی کے سے 73اور سند ھ سے 16پولیو کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں ۔ پنجاب سے 5اور بلوچستان سے 7بچے پولیو سے متاثر ہوئے ہیں۔دریں اثنائکمشنر لاہور ڈویژن سیف انجم نے سمن آباد ہسپتال میں بچوں کوانسداد پولیو قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کردیا ،اس موقع پرانہوں نے کہا کہ رواں مہم میں عوامی نمائندوں اورمعززین کی شمولیت یقینی بنا رہے ہیں۔ اس مہم میں بھی 19 لاکھ سے زائد بچوں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ،والدین اور باشعورافراد کا فرض ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں۔ادھر پنجاب بھر میں قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز پیر سے ہو رہا ہے ۔پنجاب پولیو پروگرام کے اعلامیے کے مطابق مہم کے دوران بچوں کی قوت مدافعت میں اضافہ کے لئے وٹامن اے کے کیپسول دئیے جائیں گے ۔انچارج پولیو پروگرام سلمان غنی کے مطابق پنجاب بھر میں ایک کروڑ 99 لاکھ سے زائد بچوں کو انسداد پولیو ویکسین پلانے کے لئے 50 ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ،انہوں نے والدین کو یقین دہانی کرائی کہ ویکسین مکمل محفوظ ، موثر اورپاکستانی لیبارٹری سے منظور شدہ ہے ۔