Common frontend top

پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ مسترد: بلاول بھٹو، نمبروں کی ہیرا پھیری سے عوام کو دھوکہ دیا جا رہا: شاہد خاقان

پیر 14 جون 2021ء





کراچی(سٹاف رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے عمران خان کی حکومت نے عام آدمی کے استعمال کی کوئی ایسی شے نہیں چھوڑی جس پر ٹیکس نہ لگایا ہو۔بلاول ہائوس میڈیا سیل سے جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے بجٹ میں عوام پر تقریبا پونے چار سو ارب روپے سے زائد کے ٹیکس لگانے کے عمل کو ظالمانہ قرار دیتے ہوئے کہا بجٹ میں فون کال، ایس ایم ایس اور انٹرنیٹ پر ٹیکس لگانے کے بعد اگلے دن واپس لینا حکومتی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے ، عمران خان کی حکومت نے عام آدمی کے استعمال کی کوئی ایسی شے نہیں چھوڑی جس پر ٹیکس نہ لگایا ہو۔ عمران خان کی حکومت بھاری ٹیکسوں کے طوفان پر عوامی ردعمل سے ڈری ہوئی ہے ، پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ میں ٹیکسوں کے نام پر عوام کی جیبوں پر ڈاکے کو مسترد کرتا ہوں۔ عمران خان کے عوام دشمن معاشی اقدامات کو بے نقاب کرتے رہیں گے ۔مسلم لیگ (ن) نے بجٹ کے اعدادوشمارجھوٹ قراردیدیئے ۔ن لیگ کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کیساتھ مسلم لیگ ہائوس کارسازمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا بجٹ کی بنیاد جھوٹ ہے ، کہا گیا تھا نئے ٹیکس نہیں لگیں گے ، بجٹ دستاویز کے مطابق 383 ارب کے نئے ٹیکسز ہیں، 265 ارب ان ڈائریکٹ ٹیکسیشن سے حاصل کیے جائیں گے ، ان ڈائریکٹ ٹیکس لگانے سے بوجھ غریب عوام پر پڑے گا۔ نمبروں کی ہیرا پھیری سے عوام کو دھوکہ دیا جا رہا ہے ۔ ملکی معیشت 2018 کی سطح سے بھی کم ہے ،وزیرخزانہ کہتے ہیں نجکاری سے 252ارب کامنافع حاصل ہوگا،اثاثے بیچ کرآمدن حاصل نہیں کی جاتی،نئے بجٹ میں قیمتیں کم کرنے کا کوئی نظام بنایا ہے تو دکھا دیں، موجودہ حکومت کے چوتھے وزیر خزانہ شوکت ترین نے وہی تقریر کی جو انہوں نے بطور پیپلز پارٹی کے وزیر خزانہ 12 سال قبل کی تھی،جب سے عمران خان کی حکومت آئی ہے 1200 ارب روپے کے نئے ٹیکس لگے ہیں۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں