بیجنگ، ابوظہبی ، بارسلونا ، پشاور (92 نیوزرپورٹ ، نیوزایجنسیاں )چین میں کرونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوزکر گئی جس کے بعد حکومت نے وائرس سے نمٹنے کیلئے کام کرنے والے متعدد اعلی عہدیداروں کوبرطرف کردیا۔ چین میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے 103 افراد کی ہلاکت کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1016 تک جا پہنچی ہے ۔ چینی حکام نے کہا کرونا سے متاثرہ مزید 2500 کیس سامنے آئے اور متاثرین کی تعداد42600ہو گئی ہے ۔صوبہ ہوبئی میں ناقص حکمت عملی کے باعث سب سے سینئر عہدیدار ہیلتھ کمیشن کے سیکرٹری اور کمیشن کے سربراہ کو فارغ کردیا گیا جبکہ مقامی ریڈ کراس کے ڈپٹی ڈائریکٹرکو بھی فرائض میں غفلت برتنے پر ہٹا دیا گیا ۔ہوبئی میں سکول یکم مارچ تک بندکردیئے گئے ۔چین میں ممکنہ متاثرین کی نشاندہی کیلئے ’’کلوز کانٹیکٹ ڈیٹیکٹر‘‘ نامی موبائل ایپلی کیشن تیار کر لی گئی ۔تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے عالمی ادارہ صحت کی سربراہی میں بین الاقوامی ماہرین کی ٹیم بیجنگ پہنچ گئی۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے نئی صورتحال کو بھیانک قرار دیدیا۔برٹش ائیرویز نے مارچ تک چین کیلئے پروازیں معطل کر دیں۔ہانگ کانگ میں ایک عمارت میں کرونا کے مریضوں کی موجودگی کے بعد موجود افراد کو نکال دیا گیا ، ہانگ کانگ میں کرونا کے 42 کیس سامنے آ چکے ۔چین سے حال ہی میں نکالے گئے امریکیوں میں سے ایک میں کرونا کی تصدیق ہو گئی ۔ امریکہ میں ابتک کرونا کے 13 کیسز کی تصدیق ہو چکی ، جن میں سے سات کیلیفورنیا میں سامنے آئے ۔ متحدہ عرب امارات میں ایک بھارتی شہری میں بھی کرونا کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرین کی تعداد 8 ہو گئی ہے ۔خیبرپختونخوا میں کرونا وائرس کے 2مشتبہ کیسز کو کلیئر قرار دیدیا گیا۔کرونا وائرس کی وجہ سے دنیا کی سب سے بڑی نمائش دی موبائل ورلڈ کانگریس (ایم ڈبلیو سی) 2020 بھی متاثر ہوئی ہے جس کا انعقاد 24 تا 27 فروری بارسلونا میں ہو گا۔ ایل جی، زیڈ ٹی ای اور ایرکسن کے بعد اب سونی اورایمازون نے بھی کرونا وائرس کے پیشِ نظر ایونٹ میں شرکت کرنے سے معذرت کرلی ۔