لاہور( حافظ فیض احمد) ملک کے 30بڑے ریلوے سٹیشنوں پر سکیورٹی کے نظام کو مزید موثر بنانے کیلئے پلاننگ کمیشن نے 15کروڑ روپے کی لاگت سے 600سے زائد جدید ترین سی سی ٹی وی کیمرے خریدنے کی منظوری دیدی ۔ آئی جی ریلوے پولیس آفس سمیت ریلوے پولیس سکھر ڈویژن، کراچی ڈویژن، راولپنڈی ڈویژن، ملتان ڈویژن، پشاور ڈویژن،کوئٹہ ڈویژن میں کنٹرول روم بھی بنائے جائینگے ۔ ذرائع کے مطابق ریلوے پولیس حکام نے لاہور سمیت تمام بڑے ریلوے سٹیشنز کیلئے جدید ترین600سے زائد سپیڈ ڈوم اور بلٹ کیمرے خریدنے کا پراجیکٹ تیار کیا تاکہ سکیورٹی کے نظام کو سخت کیا جا سکے ۔ پہلے 12کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا جس کے بعد تخمینے کی رقم بڑھا کر15کروڑ روپے کر دی گئی اور کہا گیا کہ اسکی منظوری پلاننگ کمیشن سے لی جائے ۔تقریبا ًایک سال کے بعد اس پراجیکٹ کی پلاننگ کمیشن سے منظوری مل گئی جس کیساتھ ہی ریلوے پولیس حکام نے سنٹر پولیس آفس سمیت دیگر ڈویژنوں میں کنٹرول روم قائم کرنے کیلئے بھی کام شروع کردیا ہے جہاں ریلوے سٹیشنوں کی سکیورٹی کو مکمل طور پر مانیٹر کیا جائیگا۔سب سے زیادہ کیمرے لاہور ریلوے سٹیشن پر لگائے جائینگے جن کی تعداد48ہو گئی اور تمام پرانے کیمرے اتار کر انکی جگہ جدید ترین سپیڈ ڈوم اور بلٹ کیمرے لگائے جائینگے ۔ اسی طرح ملک کے بڑے ریلوے سٹیشنز روہڑی،سکھر، کراچی کینٹ، نواب شاہ، لاڑکانہ، کوئٹہ، ملتان، خانیوال، سبی،کراچی سٹی، فیصل آباد اور دیگر پر16سے 24تک کیمرے لگائے جائینگے ۔ واہگہ ریلوے سٹیشن پر بھی24 جدید ترین سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائینگے ۔ تمام ریلوے سٹیشنوں پر سکیورٹی کے نظام کو 24گھنٹے مانیٹر کیا جائیگا اور سکیورٹی فرائض میں غفلت برتنے والے اہلکاروں کیخلاف سخت محکمانہ ایکشن لیا جائیگا۔ ریلوے پولیس ذرائع کے مطابق پلاننگ کمیشن سے منظوری کے بعد اب کیمروں کی خریداری کا عمل جلد شروع کر دیا جائیگا ۔