لاہور(حافظ فیض احمد ) ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب سہیل شہزاد نے کہا ہے رواں مالی سال کے 37ارب روپے کے ٹیکس ہدف کو مکمل کرنے کے لئے پنجاب بھر کے ڈائریکٹرز اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسرز کو ٹاسک دے دیا ہے ، 30 جون سے قبل ٹیکس ہدف مکمل کرنے کے حوالے سے ہفتہ وار رپورٹ بھی لی جائے گی اور میں خود بھی پنجاب بھر کے ایکسائز دفاتر کا دورہ کرونگا تا کہ ٹیکس ریکوری کے ہدف کو مکمل کیا جا سکے ،موٹر وہیکلز ٹیکس کے شارٹ فال کو پورا کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کرلی گئی، شہریوں کی سہولت کے پیش نظر جدید ترین پراپرٹی ویب پورٹل کا آج سے آغاز کیا جا رہا ہے جس کے تحت شہری آن لائن پراپرٹی ٹیکس جمع کرا سکیں گے اور گھر بیٹھے پراپرٹی ٹیکس کی اسیسمنٹ اور دیگر سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے ۔ روزنامہ 92 نیو ز سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا ہماری اولین ترجیح ٹیکس گزاروں کو زیا دہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ہے تا کہ لوگوں کو ایکسائز دفاتر نہ آنا پڑے اور وہ آن لائن سسٹم کے ذریعے ہی اپنا پراپرٹی ٹیکس اور دیگر ٹیکسز کی ادائیگی کر سکیں ۔ گاڑیوں کی ٹرانسفر کے حوالے سے بھی سسٹم جلد رائج کیا جا رہا ہے ، مذکورہ منصوبہ پر کافی حد تک کام مکمل ہو چکاہے ۔ گاڑیوں کی ٹرانسفر کے حوالے سے نیا سسٹم آنے سے جعل سازی کی روک تھام ہو گی اور کوئی شہری جعل سازی سے گاڑی اپنے نام ٹرانسفر نہیں کرا سکے گا، جن ریجنز میں ہدف سے کم آمدنی حاصل ہو رہی ہے وہاں تعینات ڈائریکٹرز اور ای ٹی اوز کو الگ سے آمدنی کا ٹاسک دیا ہے ، آمدنی کے ہدف کے ساتھ ساتھ جہاں بے ضابطگیوں کی شکایت ملی سخت ایکشن لیا جائے گا۔ محکمہ ایکسائز میں جس کرپٹ اہلکار کے خلاف شکایت ملی وہ جوابدہ ہوگا اور سزا و جزا کے نظام میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ تمام افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وقت کی پابندی کریں ، غیر حاضر ہو نے پر متعلقہ افسر اور ملازم کے خلاف محکمانہ کارروائی ہو گی ، افسروں اور ملازمین کی حاضری کو چیک کرنے کے لئے دفاتر کے سرپرائز دورے بھی کیے جائیں گے ، گاڑیوں کی نمبر پلیٹوں کی فراہمی کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے اور معاہدہ ہونے پر جلد اجرا شروع کر دیا جائے گا، سمارٹ کارڈ کے حوالے سے بھی شکایات کو دور کیا جا رہا ہے ۔