Common frontend top

جسٹس آصف سعید کھوسہ نے چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھالیا: پہلے روزتین مقدمات سنے

هفته 19 جنوری 2019ء





اسلام آباد(خبر نگار،وقائع نگار خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک)جسٹس آصف سعید کھوسہ نے 26 ویں چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا،ایوان صدر میں تقریب میں صدر مملکت عارف علوی نے ان سے حلف لیا،تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔تقریب حلف برادری میں وزیراعظم عمران خان ، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ائیر چیف،نیول چیف، وفاقی وزرا، اعلیٰ عدلیہ کے ججز اورسینئر وکلا شریک ہوئے ۔چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ حلف لینے کے بعد سپریم کورٹ پہنچے توپولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، سپریم کورٹ کے ملازمین نے تالیاں بجا کران کا استقبال کیا۔چیف جسٹس نے جھک کر ملازمین کو سلامی پیش کی اور شاندار مثال قائم کی، ملازمین کے ساتھ گفتگو میں جلد ملاقات کی یقین دہانی بھی کرائی۔اٹارنی جنرل انور منصور اور صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن امان اﷲ کنرانی نے روسٹرم پر آکر چیف جسٹس کو حلف اٹھانے پر مبارک باد دی اور غیرملکی مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔چیف جسٹس نے بھی تقریبات میں شرکت کرنے والوں تمام مہمانوں کا اپنی اور سپریم کورٹ کی طرف سے شکریہ ادا کیا۔ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے پہلے روزتین مقدمات کی سماعت کی،ان کے ساتھ بینچ میں جسٹس منصور علی شاہ بھی شا مل تھے اوربطورچیف جسٹس انھوں نے پہلا کیس منشیات کے ملزم کا سنا ۔ چیف جسٹس حلف اٹھانے کے بعدغیر ملکی مہمان جج صاحبان کے ہمراہ کمرہ عدالت میں پہنچے ۔ترک قبرص،نائیجریا،بھارت اور کینیڈا کے جج صاحبان ان کے ہمراہ تھے ۔چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ نے منشیات کے ملزم نور محمد کی سزا میں کمی کی درخواست پر سماعت کی ۔ملزم کے وکیل کے دلائل پر ریمار کس دیتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا ان دلائل سے تو ہمارے مہمان بھی اتفاق نہیں کریں گے جس پر عدالت میں قہقہے اٹھے ۔ عدالت نے منشیات کے کیس میں سزا یافتہ نور محمد کی سزا میں کمی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کیس میں گواہ سرکاری ملازمین تھے ، جن کا مجرم سے کوئی عناد نہیں تھا۔آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کو عہدہ سنبھالنے پرمبارکباد دی۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں