Common frontend top

فضل الرحمن سے شہباز ، بلاول کی ملاقات ، اپوزیشن کی اے پی سی جلد بلانے پر اتفاق

منگل 18 جون 2019ء





اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی، مانیٹرنگ ڈیسک ) مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی (ف) نے حکومت کے خلاف تحریک چلانے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس جلد بلانے پر اتفاق کرتے ہوئے کہاہے کہ کٹھ پتلیوں کی حکومت میں سیاسی ومعاشی نقصان ہورہے ہیں ،ملکر کو قوم کو نقصان سے بچائینگے ۔اطلاعات کے مطابق بلاول زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال ، حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے اوراپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس بلانے اور دیگر امور زیر غور آئے ۔بعد ازاں بلاول نے میڈیا سے گفتگو میں کہا نظریہ اپنا اپنا ہے ، اے آر ڈی میں ہم سب اکٹھے تھے ،پرویزمشرف کے خلاف بھی اکٹھے تھے ۔ سربراہ جے یو آئی نے کہا جعلی الیکشن ہوئے اور ملکی معیشت کا بیڑا غرق کردیا گیا ،جون کے آخر میں اے پی سی کریں گے ، بلاول ہمارے غریب خانے پر تشریف لائے انکے مشکور ہیں ،بلاول بھٹو زرداری کی باتوں کی مکمل تائید کرتا ہوں،ایک جعلی اور دھاندلی شدہ الیکشن پر ہمارا پہلے دن جو موقف تھا آج بھی وہی ہے ،موجودہ حکومت کا خاتمہ ہی موجودہ صورتحال سے نجات کا ذریعہ ہے ۔ بلاول نے کہاکہ مولانا صاحب اور ہمارے موقف میں تھوڑا سا فرق ہے ،مولانا صاحب کہتے ہیں حکومت جائے ، ہم کہتے ہیں پارلیمان مدت پوری کرے ،پیپلز پارٹی ہمیشہ سے کہتی آئی ہے نظام چلتا رہے ۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فیصلہ وہی ہوگا جو اے پی سی میں طے کیا جائے گا۔ بعد میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کی جس میں مجوزہ اے پی سی اور حکومت کیخلاف تحریک پر غور کیا گیا، بعد میں دونوں نے میڈیا سے گفتگو کی۔ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ یہ حکومت ہمیں قبول نہیں، دھکم پیل سے بجٹ منظورکرانا چاہتی ہے ، انہوں نے کہا کہ اس حکومت سے عوام کو نجات دلانا ہوگی۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی کا طوفان عوام کے سامنے ہے ، اس بات پر اتفاق ہوا کہ مسائل کے حل کیلئے اے پی سی بلائی جائے جو جلد بلائی جائے گی اور تاریخ مشاورت سے طے ہوگی،کانفرنس میں سارے مسائل زیربحث آئیں گے ، یہ حکومت عوام دشمن بجٹ لائی ہے جسے منظور نہیں ہونے دینگے ۔انہوںنے کہا ان ہائوس تبدیلی آئینی راستہ ہے ،عمران نیازی نے کنٹینرپرعوام کوسبزباغ دکھائے تھے ، کبھی اتناجھوٹاوزیراعظم نہیں دیکھا۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں