لاہور(رپورٹ: قاضی ندیم اقبال)پی پی پی سیل پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کو زیر تعمیر منصوبوں کو چیک کرنے کا اختیار ملنے کے بعد بڑا اقدام ، 3صوبائی محکموں اور 2 اتھارٹیز سے ان کے تحت جاری منصوبوں کی بابت تفصیلات طلب کر لیں جوپرفارمہ کی صورت میں فراہم کی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ چیف (مانیٹرنگ ) پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سیل ، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کی جانب سے 3 سیکرٹری مواصلات و تعمیرات، ٹرانسپورٹ، خوراک کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل لاہور ترقیاتی ادارہ اور چیئر پرسن لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کو ’’PROJECT PERFORMANCE REPORT‘‘ کے عنوان سے مراسلہ ارسال کرتے ہوئے قرار دیا گیا ہے کہ پی پی پی آرڈ ی نینس2019 کے سیکشن7(3-i) میں حالیہ کی گئی نئی تبدیلی کے تحت اداروں کے ایسے منصوبے جو حکومت اور عوامی شراکت داری کے تحت پایہ تکمیل تک پہنچائے جا رہے ہیں، پی پی پی سیل ان پراجیکٹس کی سرپرائز چیکنگ کے اختیارات رکھتا ہے ۔ذرائع کے مطابق مراسلے میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات کو شیخوپورہ سے گوجرانوالہ تک سڑک کو دو رویہ کرنے ،سیکرٹری ٹرانسپورٹ سے وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن سسٹم، سیکرٹری خوراک سے پنجاب میں فوڈ گرین سیلوس(Food Grain Silos)منصوبہ کی بابت رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل ترقیاتی ادارہ لاہور سے فلائی اوور ریلوے کراسنگ کاہنہ کاچھا جبکہ چیئرپرسن لاہور رنگ روڈ اتھارٹی سے لاہور رنگ روڈ منصوبہ کی بابت رپورٹ طلب کی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق اداروں کو بھجوائے گئے مراسلہ کے ساتھ 3صفحات پر مشتمل پرفارمہ بھی ارسال کیا گیا ہے ۔جس میں منصوبے کا نام، حکومتی ادارہ اورپرائیویٹ پارٹی /کمپنی کے نام، دونوں کے مابین طے پانے والے معاملات، پراجیکٹ سکوپ، پراجیکٹ کا اوور آل سٹیٹس بھی طلب کیا گیا ہے جبکہ پرفارمہ میں منصوبہ کے مالی معاملات کے بارے میں استفسار کیا گیا ہے ۔