جس طرح امن کے خواہشمند، اسی طرح مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پرعزم: آرمی چیف

بدھ 14  اگست 2019ء





راولپنڈی(نیٹ نیوز؍ مانیٹرنگ ڈیسک)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ حکومت نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کثیرالجہتی کوششوں کا آغاز کردیا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے باغ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اور جوانوں کے ساتھ عید منائی۔اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ نے کہا حکومت نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مختلف کوششوں کا آغاز کردیا ہے ، جس طرح امن کیلئے ہماری خواہش ہے ، اسی طرح مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہم پُرعزم ہیں۔آرمی چیف نے کہا بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹا کر ایل او سی اور پاکستان کی طرف موڑنے کی کوشش کر رہا ہے اور اس مقصد کیلئے وہ کچھ بھی کرسکتا ہے ، تاہم ہم بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں کئے جانے والے جرائم کو چھپانے کا کوئی موقع فراہم نہیں کریں گے ۔ آرمی چیف نے کہا ہمارا مذہب ہمیں امن کا درس دیتا ہے لیکن ساتھ ہی سچ کیلئے قربانی اور استقامت کی تلقین بھی کرتا ہے ، پاک فوج عید قرباں کو بھارت کے زیر تسلط کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر منا رہی ہے ، ہم کشمیر میں اپنے بہن اور بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، چاہے جتنا بھی وقت اور کاوشیں درکار ہوں، انشااللہ ہم ہرچیلنج پر پورا اتریں گے ۔ 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں