اسلام آباد(خبر نگار) لا اینڈ جسٹس کمیشن نے اسلام آباد اور صوبائی ہائی کورٹس کو4نومبر تک صنفی تشددکیخلاف عدالتیں قائم کرنے کیلئے مراسلہ بھیج دیاہے ۔قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کے چیئرمین چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی ہدایات کے مطابق متعلقہ مقدمات ان ججز کو تفویض کئے جائیں گے جو ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی معاونت سے پنجاب جوڈیشل اکیڈمی لاہور میں متعلقہ تربیت مکمل کرچکے ہیں۔ مزید برآں تمام ہائیکورٹس ہر ضلع سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور مجسٹریٹ کو پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں تربیت کیلئے مرحلہ وارنامزد کریں گی ۔ ترجمان سپریم کورٹ کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس کا نصب العین دستور کے مطابق فوری اورآسان انصاف کی بلا تفریق ہر شہری اوربالخصوص معاشرے کے کمزورطبقات ،خواتین اور بچوں کوفراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔ صنفی تشدد سے متعلقہ عدالتوں میں خواتین اور بچوں کیلئے ماحول خوشگوار ہوگا اور یہ عدالتیں احا طہ کچہری میں محفوظ مقام اور سازگارماحول میں قائم کی جائیں گی ۔