کرونا 196 ممالک تک پھیل گیا، ہلاکتیں ساڑھے 18ہزار سے بڑھ گئیں: بھارت میں 21روزہ لاک ڈائون،مصر میں کرفیو

بدھ 25 مارچ 2020ء





بیجنگ،روم، نیویارک، جدہ (92نیوز رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک،اے ایف پی، نیوزایجنسیاں) دنیا بھر میں کروناوائر س سے ہلاکتیں ساڑھے 18ہزار سے تجاوز کر گئیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں دنیا بھرمیں کرونا وائرس سے مزید740 افراد ہلاک جبکہ17,253 نئے کیس سامنے آگئے ۔ ہلاکتوں کی تعداد18,251 ہو گئی۔متاثرہ ممالک کی تعداد196ہو گئی جہاں متاثرین کی تعداد396,035ہو گئی جن میں سے 103,748 مریض صحتیاب ہو چکے جبکہ12,222کی حالت تشویشناک ہے ۔ اٹلی میں 743،سپین 489،فرانس240، ایران 122،امریکہ 114، برطانیہ 87، نیدرلینڈز63، بلجیم 34، جرمنی33،پرتگال 10، سویڈن،ایکواڈور9،9، ڈنمارک8، چین7، انڈونیشیا6،عراق4،تھائی لینڈ ،یونان،ڈومنیکن ریپبلک3، 3،سوئٹزرلینڈ،اسرائیل، فلپائن ، الجیریا، قبرص ،پیرو،ڈائمنڈ پرنسس 2،2 آسٹریلیا، ملائشیا، پولینڈ، رومانیہ ،آئس لینڈ، بحرین، میکسیکو، ارجنٹائن، سان میرینو،مراکو، بوسنیا، سلوینیا، البانیہ، بنگلہ دیش، پیراگوئے میں ایک ایک مریض چل بسا۔امریکہ میں7,248، اٹلی5,249، سپین4,540، جرمنی3,725،فرانس2,448،ایران1,762،برطانیہ 1,427، سوئٹزرلینڈ1,082،نیدرلینڈز811،آسٹریا663،بلجیم526،کینیڈا492،پرتگال302،آسٹریلیا257،لکسمبرگ،اسرائیل214،214،سعودی عرب 205،رومانیہ 186، چلی176،ناروے 154، جنوبی افریقہ 152،ڈنمارک 131،انڈونیشیا 107، ملائشیا 106،فن لینڈ 92،جنوبی کوریا 76،روس 57 ،بھارت 37، افغانستان میں 34نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔کرونا وائرس سے یورپ میں ہلاکتوں کی تعداد11ہزار جبکہ متاثرین کی تعداد 2لاکھ سے تجاوز کر گئی۔34ملکوں میں مکمل لاک ڈائون ہے جبکہ کئی ملکوں میں حکومتوں نے لوگوں سے گھروں میں رہنے کی تاکیدکی ہے ۔ 10ممالک میں کرفیو نافذ ہے ۔سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ میں کرونا وائرس سے پہلی ہلاکت ہو گئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 700 سے تجاوز کر گئی۔ایرانی سپریم لیڈر آیت اﷲ علی خامنہ ای کے سب سے چھوٹے بیٹے کی ساس کرونا وائرس میں مبتلا ہو کر ہلاک ہوگئیں۔نوبل انعام یافتہ ، سابق فنش صدر مارٹی اہتساری کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ۔امریکی ریاست لوزیانا میں بظاہر صحتمند 39 سالہ خاتون ایک ایسے وقت میں ہلاک ہوگئی جب وہ اپنے ٹیسٹ کے نتائج کی منتظر تھی۔ فرانسیسی تجربہ کار ایفرو جاز سٹار مینوڈیبانگو کرونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد انتقال کر گئے ۔مصر میں دو ہفتوں کیلئے رات کا کرفیو لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔اردن میں کرفیو کی خلاف ورزی پر تین دنوں میں 1600افرا د کو گرفتار کر لیا گیا۔مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں تمام جائے نماز ہٹا دیے گئے جبکہ مسجد حرام کے تمام ذیلی دروازے بند رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔اتحاد ایئرویز نے تمام پروازیں منسوخ کردیں۔ برطانیہ میں طبی سامان کی رسد کی ترسیل کیلئے فوج کی خدمات حاصل کرلی گئیں۔ لندن کے ای سی سی ایل نمائش مرکز میں 4000 بستروں کا فیلڈ ہسپتال کھولاجائے گا۔اسرائیل نے فوج کی مدد سے پورے ملک میں لاک ڈائون کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔مودی حکومت نے بھارت میں 21دن کیلئے لاک ڈائون کااعلان کردیا۔لاک ڈائون کااطلاق رات 12بجے سے کردیاگیا۔اے ایف پی کے مطابق کرونا وائرس کی وبا کے باعث دنیا بھر میں اڑھائی ارب لوگ محصور ہوکر رہ گئے ۔ووہان میں 2 ماہ بعد زندگی نارمل ہو گئی۔ وائرس چیک کرنے والی تمام 107 چوکیاں بند کر دی گئیں۔کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے سوشل میڈیا پر پیغام میں کہا جن لوگوں کو لگتا ہے انہیں کچھ نہیں ہوگا ، ایسا نہیں ہے ۔لوگوں کو چاہیے گھروں پر رہیں۔ ایسا نہ کرنے کے باعث وہ نہ صرف خود بلکہ دوسروں کو بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔چین کے قومی صحت کمیشن نے بتایا تمام ہلاکتیں ووہان میں ہوئیں۔ووہان سے تقریبا ایک ہفتے تک کوئی نیا کیس سامنے نہ آنے کے بعد پہلا نیا کیس سامنے آگیا ۔چینی صوبے ہوبئی کے لاک ڈاؤن میں کافی حد تک نرمی کر دی گئی ۔جرمن وزیر خارجہ نے کہاہے بیرونی ممالک میں پھنسے ایک لاکھ بیس ہزار سیاحوں کو ملک میں واپس لایا گیا ہے ۔یورپی معیشت پر کرونا وائرس کے منفی نتائج کے حوالے سے یورو گروپ کے وزرائے خزانہ نے مشاورتی اجلاس طلب کر لیا ہے ۔ کیوبا نے کرونا وائرس پھیلائو روکنے کیلئے غیر ملکی سیاحوں کو قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔مغربی افریقی ریاستوں سینیگال اور آئیوری کوسٹ نے کرونا وائرس کی وباء کا مقابلہ کر نے کیلئے ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کیا ہے ۔خانہ جنگی و بیماریوں کے شکار ممالک یمن و لبیا کرونا سے ابتک محفوظ ہیں ۔جرمن پولیس نے اُس شخص کو گرفتار کر لیا ہے جو ریلوے سٹیشن پر ٹکٹ مشینوں کو چاٹتا تھا۔ یہ شخص کرونا وائرس پھیلانے کی کوشش میں تھا۔ ابھی یہ واضح نہیں ہوا کہ آیا گرفتار شخص کرونا وائرس کی بیماری میں مبتلا ہے ۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں