اسلام آباد، ایبٹ آباد (خصوصی نیوز رپورٹر،92نیوز رپورٹ ، مانیٹرنگ ڈیسک،اے پی پی،صباح نیوز،این این آئی) صدرمملکت عارف علوی نے انتخابی اصلاحات بل 2021 ئاور فوجداری قوانین (ترمیمی) بل 2021 ئپر دستخط کر دیئے ، صدر مملکت نے پارلیمنٹ کے اجلاس میں منظور کئے گئے تمام 33 بلوں پر دستخط کر دیئے ہیں۔ ایوان صدر میں دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی نے کہاہے کہ انتخابی اصلاحات کیلئے ان تھک کاوشوں پر وزیراعظم کو مبارکباد دیتا ہوں، وزیراعظم عمران خان کرکٹ میں بھی نیوٹرل امپائرلے کرآئے ، کہاتھاملک میں پرنٹنگ پیپرکاکوئی حساب نہیں ہوتا، ملک میں 8،8 ہزارکے ووٹ بکتے تھے ، ہرحلقے کے الیکشن میں دھاندلی کاالزام لگتاتھا۔ای وی ایم سے متعلق الیکشن کمیشن جلد نوٹیفکیشن جاری کرے گا،اس کے بعد اخبارات میں اشتہارات دیں گے ، ای وی ایم سے ووٹوں کی چوری جیسے الزامات کا خاتمہ ہو گا،ای وی ایم پرلوگوں کوبھروسہ کرنا چاہئے ۔ وفاقی وزیر شبلی فراز اور وزیر اعظم کے مشیر بابر اعوان نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب میں وفاقی وزرا شیریں مزاری، شفقت محمود، اسد عمر،علی محمد خان نے شرکت کیجبکہ الیکشن کمیشن اورنادراکے اعلیٰ حکام مدعو ہونے کے باوجودنہ آئے ۔تقریب دوگھنٹے تاخیرکاشکار ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق وزرا سمیت اہم شخصیات کو ٹیلی فون کرکے ایوان صدر بلایا گیا ۔ عبدالشکورشادنے تقریب میں چلائے گئے پروموکوسازش قراردیدیا۔ صدر مملکت کی جانب سے دستخط کے بعد انتخابی اصلاحات بل قانون بن گیا ہے ۔بعد ازاں صدر مملکت سے پی اینڈ جی (پراکٹر اینڈ گیمبل) پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عادل فرحت کی قیادت میں سینئر ایگزیکٹوز کے ایک وفد نے ملاقات کی اور صارفین اور کمیونٹی کی خدمت جاری رکھنے کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ادھر ایبٹ آباد میں آرمی برن کالج میں یوم والدین کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر علوی نے اقوام کی ترقی کیلئے بچوں کی تعلیم و تربیت اور نظم و ضبط کو ناگزیر قرار دیا،جدید دور میں حصول علم کے ذرائع بدل گئے ہیں، قومیں قدرتی وسائل سے نہیں ،ذہنی استعداد سے بنتی ہیں،پاکستان کی ترقی کیلئے ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے کی بجائے اتحاد کا مظاہرہ کرناہے ۔