کراچی(سٹاف رپورٹر)قومی ایئر لائن کے چیف ایگزیکٹو آفیسرایئر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ جہاز ٹیکنیکل طور پر پوری طرح محفوظ تھا،ٹیکنیکل خرابی کا دعوی درست نہیں ، شفاف انکوائری کرائی جائے گی، جہاز ٹیک آف کرنے سے پہلے انجینئرز سے کلیئر کرایا جاتا ہے ، جہاز ٹیکنیکل طور پر پوری طرح محفوظ تھا،حادثے کا شکار جہاز آبادی میں ایک گلی میں لینڈ ہوا، کچھ لوگ میڈیا پر شر پھیلا رہے ہیں،واقعہ انتہائی دلخراش ہے ۔اے ٹی سی کی طرف سے پائلٹ کو کہا گیا کہ دونوں رن وے خالی ہیں، کسی بھی رن وے پر لینڈ کر سکتے ہیں، پائلٹ نے گو راؤنڈ کا فیصلہ کیا۔ وہ کراچی پی آئی اے ہیڈ آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ، ائیرمارشل ارشد ملک نے کہا کہ اللّٰہ طیارہ حادثے میں شہید ہونے والوں کے درجات بلند کرے ، لواحقین کو صبر عطا فرمائے ،حادثے میں ہمارے دو پلائٹ ہم سے جدا ہوگئے ، سینئر پائلٹ کے والد سے بات ہوئی ان کے جذبہ سے ہمیں حوصلہ ملا ہے ،حادثہ پرآنکھیں اشک بار ہیں ہم پہلے ہی ایک وبا سے نبرد آزما تھے ، طیارہ حادثے کی انکوائری وزارت شہری ہوا بازی مکمل کرے گی،اس سانحے میں متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں، انکوائری میں حقائق سامنے آئیں گے ،شفاف انکوائری میں پی آئی اے اور سی اے اے کا کوئی کردار نہیں ہوگا، ، جہاز میں 99 لوگ تھے جس میں کیبن کریو بھی شامل تھا،پائلٹ نے بتایا وہ ہر لحاظ سے لینڈنگ کے لیے تیار ہے ، دوسری دفعہ لینڈنگ کے لیے آتے وقت جہاز کے ساتھ کچھ ہوا، اس طیارے کا الفا چیک مارچ میں ہوا، کوئی ٹیکنیکل خرابی نہیں تھی،جہازکی تمام سرٹیفکیشن مکمل تھی کوئی چیزمسنگ نہیں تھی، انٹرنیشنل سیفٹی کے مطابق پی آئی اے کو بہترین سروس قراردیا گیا ہے ،ہم نے حادثے کی انکوائری کے لئے غیر جانبدار کمیشن بنائیں گے ، پائلٹ نے لینڈنگ کی کوشش کی لینڈنگ گیئرنہیں کھلے ، پائلٹ نے دوبارہ کوشش کی جس دوران طیارہ کریش ہوا،حادثہ کیوں ہوا ،اسکی تحقیقات ہورہی ہے ۔ ایئرپورٹ ہوٹل خالی کرالیا ہے جو بھی لواحقین کراچی آنا چاہیں انہیں ہوٹل میں جگہ دی جائیگی، امدادی آپریشن مکمل کرنے میں 2سے 3 دن لگیں گے ، عوام سے درخواست ہے فتنہ پھیلانے والے خود ساختہ ماہرین سے دور رہیں۔ سی ای اوپی آئی اے ایئرمارشل ارشدملک نے جائے وقوعہ کادورہ کیا،دیگرحکام بھی ارشدملک کے ہمراہ موجودتھے ،پاک آرمی کے حکام نے سی ای اوپی آئی اے کوامدادی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی، کورکمانڈرکراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز نے بھی جائے حادثہ کادورہ کیااور امدادی سرگرمیوں کاجائزہ لیا۔