اسلام آباد(وقائع نگار،وقائع نگار خصوصی) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ حکومت پاکستا ن نے دنیا بھر سے پاکستانیوں کو واپس لانے کا فیصلہ کر لیا ،جو لوگ پاکستان واپس آنے چاہتے ہیں ان کیلئے خصوصی پروازیں چلائی جائیں گی۔ وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل سارک کی سربراہی میں سارک کووڈ19 ایمرجنسی فنڈ کے قیام کی تجویز پیش کی اورمعیشتوں پر پڑنے والے مضر اثرات کا جائزہ لینے کیلئے سارک تحقیقاتی کمیشن کے قیام کی ضرورت پر زور دیا ۔قطر نے عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب ترقی یافتہ ممالک سے ترقی پذیر ممالک کے قرضوں کو ری سٹرکچر کرنیکی وزیراعظم عمران خان کی تجویز کی حمایت کا عندیہ دیا ہے ۔پاکستانیوں کی واپسی سے متعلق ایک بیان میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بہت سے پاکستانی واپس آنا چاہتے ہیں،قومی رابطہ کمیٹی نے 17 پروازیں بحال کرنے کی منظوری دی۔ تمام پاکستانیوں کو بتدریج واپس لائیں گے ، پہلی ترجیح ٹرانزٹ میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانا ہے ، دوسری ترجیح ویزہ ایکسپائر ہونے والے پاکستانی ہیں۔ تیسری ترجیح بیرون ملک مقیم پاکستانی اور زیر تعلیم طلبا کوواپس لانا ہے ۔ دریں اثناوزیرخارجہ شاہ محمود نے قطرکے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان اور سارک کے سیکرٹری جنرل ایسالا رووان ویراکون سے ٹیلیفونک رابطے کئے ۔دونوں رہنماؤں نے جنوبی ایشیائی خطے میں عالمی وبا کی نوعیت پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اسکا پھیلاؤ روکنے کیلئے سارک ممالک کی طرف سے مشترکہ لائحہ عمل کی ضرورت پر زور دیا ۔ شاہ محمود نے کہاکہ پاکستان وبائی چیلنج کو پیش نظر رکھتے ہوئے سارک وزراصحت کی ویڈیو کانفرنس کے انعقاد کا متمنی ہے تاکہ وبا کی روک تھام کیلئے متفقہ لائحہ عمل مرتب کیا جا سکے ۔وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل سارک کی سربراہی میں سارک کووڈ19 ایمرجنسی فنڈ کے قیام کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ فنڈ سے متعلقہ قواعد و ضوابط کو مشاورت سے طے کیا جانا چاہیے ۔قطری وزیر خارجہ سے گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی وبا نے پوری دنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا، ترقی پذیر ممالک کو محدود معاشی وسائل کے سبب کورونا سے نمٹنے میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ سے بھی ٹیلیفونک رابطے کئے اور کورونا وائرس سے پیداہونے والی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا،وزیرخارجہ اور یو این سیکرٹری جنرل نے اتفا ق کیاکہ دوسری جنگ عظیم کے بعدکوروناسب سے بڑابحران ہے ۔ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے گفتگو میں وزیر خارجہ نے دبئی ایئرپورٹ پر واپسی کے منتظر پاکستانیوں کو جلد پاکستان بھجوانے پر شکریہ ادا کیا۔دریں اثنا وزیر خارجہ نے موجودہ وبائی چیلنج کے حوالے سے پاکستانیوں کے نام اپنے ویڈیو پیغام میںکہا کہ ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل سٹاف کا شکریہ ادا کرتے ہیں، مخیر حضرات وزیر اعظم کے ریلیف فنڈ میں دل کھول کر عطیات جمع کرائیں۔