Common frontend top

ریکارڈ ترقیاتی فنڈز ، پنجاب بجٹ تاریخ ساز ہوگا: بزدار؛ ہم اتحادی ہیں اور رہیں گے : پرویز الہی

پیر 14 جون 2021ء





لاہور(92 نیوز رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت آج صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی،سینئر وزیر عبدالعلیم خان، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، دیگر وزرا اوراراکین پنجاب اسمبلی کی بڑی تعداد نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں بجٹ کے بارے میں حکمت عملی طہ کی گئی۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ذمہ داری سنبھالی تو پنجاب بدترین مالیاتی دور سے دوچار تھا۔اربوں روپے کااوور ڈرافٹ اور نامکمل ترقیاتی منصوبے ورثے میں ملے ۔ انہوں نے کہا کہ مربوط معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں پنجاب خوشحالی اور معاشی ترقی کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے ، پنجاب کا یہ بجٹ تاریخ ساز ہوگا، بجٹ میں سب کے لئے خوشخبریاں ہیں۔ ہم اس سال ریکارڈ ترقیاتی بجٹ پیش کرنے جا رہے ہیں۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے بجٹ میں اضافہ کیا جارہا ہے ۔کورونا کی تیسری لہر کے معاشی اثرات سے نمٹنے کیلئے آئندہ مالی سال میں بھی ٹیکس ریلیف دیا جائے گا۔ بجٹ میں تجویز کردہ اقدامات سے صوبے کی معیشت پھلے پھولے گی۔بجٹ سیشن میں خود اور میری ٹیم موجود رہے گی۔اراکین اسمبلی سے ملاقاتوں کا سلسلہ بجٹ اجلاس کے دوران بھی جاری رہے گا۔اتحادی جماعت سے بہترین تعلقات ہیں۔ بجٹ آسانی سے پاس ہو گا۔اپوزیشن بکھر چکی۔سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے منصوبے کو سابق حکومت نے بلاوجہ رو کے رکھا۔ شہباز شریف دور میں ہمارے خلاف انتقامی کاروائیاں کی گئیں، ہم اتحادی ہیں اور رہیں گے ۔ صوبائی خزانہ ہاشم جواں بخت نے صوبائی پارلیمانی پارٹی کے شرکاء کو بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے اہم خدو خال کے بارے میں آگاہ کیا ۔راجہ بشارت نے بھی خطاب کیا۔ لاہور ( وقائع نگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آج مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں میاں جلیل احمد شرقپوری، چودھری اشرف علی انصاری، محمد غیاث الدین، محمد فیصل خان نیازی، رئیس نبیل احمد،غضنفر عباس اور اظہر عباس چانڈیا شامل تھے ۔چیف وہیپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ، طاہر بشیر چیمہ، یونس انصاری اور مسعود مجید بھی اس موقع پر موجود تھے ۔اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔اراکین اسمبلی نے آئندہ بجٹ میں عوامی فلاح کے لئے شاندار اقدامات تجویز کرنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ویژن کو سراہا اور وزیراعلیٰ کو حلقوں اورعلاقے کے مسائل سے آگاہ کیا، وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے اراکین اسمبلی کو مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کی یقین دہانی کرائی، بزدار نے کہا کہ میرے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں، پنجاب کا نیا بجٹ صوبے کے عوام کے لئے ترقی و خوشحالی کا نیا باب رقم کرے گا۔صوبے کی تاریخ میں ترقیاتی بجٹ میں ریکارڈ اضافہ کیا جا رہا ہے ۔ ہر ضلع کیلئے علیحدہ ترقیاتی پیکیج بنایا گیا ،کسی ضلع کی حق تلفی نہیں ہونے دیں گے ۔ سازشیں کرنے والوں کی منفی سیاست ہمیشہ کے لئے دفن ہو چکی ہے ۔اب افراتفری نہیں بلکہ عوام کی خدمت کی سیاست چلے گی۔پی ڈی ایم کی منفی سیاست اپنی موت آپ مر چکی ہے ، پاکستان کے عوام باشعور ہیں اورکرپٹ عناصر کے جھانسے میں کبھی نہیں آئیں گے ۔ اراکین اسمبلی نے کہا ہمیں آپ کی قیادت اور پالیسیوں پر پورا اعتماد ہے ، عوام کی خدمت کے سفر میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور میں ڈور پھرنے سے تین سالہ بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکیا اور پتنگ بازی کے واقعات پر شدید برہمی کا اظہارکیا، وزیراعلیٰ نے افسوسناک واقعہ کے بارے میں سی سی پی اولاہور سے رپورٹ طلب کر لی ۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور میں تیزاب گردی کا شکار خاتون مریم نوشیرکے علاج معالجے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زخمی خاتون کے علاج معالجے کے تمام اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی، لڑکی پر تیزاب پھینکنے والا ملزم قانون کے تحت سخت سزا کے مستحق ہیں۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ڈہرکی ٹرین حادثے میں وہاڑی کے علاقے ظہیر آباد شہید کی رہائشی زخمی بچی حفصہ کو ڈی ایچ کیو ہسپتال وہاڑی داخل کرا دیا۔ فوکل پرسن اوورسیز پاکستانیز آفتاب احمد اور ڈپٹی کمشنر وہاڑی مبین الہی نے زخمی بچی حفصہ کی عیادت کی، وزیراعلیٰ نے حفصہ کے بہترین علاج معالجے کی ہدایت کی ، بچی کے 2 کامیاب آپریشن ہوچکے ہیں، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے حفصہ کو مالی امداد کا چیک دیا گیا ، بچی کو تحائف بھی دئیے گئے ۔

 

 

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں