Common frontend top

زلمے خلیل زاد کی آرمی چیف، وزیرخارجہ سے ملاقاتیں، علاقائی سلا متی: افغان مصالحتی عمل پر تبادلہ خیال

هفته 14 دسمبر 2019ء





اسلام آباد،راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی،92 نیوزرپورٹ،اے ایف پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغان مصالحت کیلئے امریکہ کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال بالخصوص جاری افغان مصالحتی عمل زیر غور آیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ ملاقات جمعہ کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی۔ امریکہ کے پاکستان میں متعین سفیر پاول ڈبلیو جونز بھی ملاقات میں موجود تھے ۔ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور افغانستان میں دوبارہ شروع ہونے والے مفاہمتی عمل پر خصوصی بات چیت ہوئی۔ دریں اثناوزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کا دارومدار، افغانستان میں قیام امن سے وابستہ ہے ، امریکہ طالبان مذاکرات جلد بحال ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو افغان امن عمل کے لیے امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان شروع دن سے اس مؤقف پر قائم ہے کہ طاقت کا استعمال افغان مسئلے کا حل نہیں، ہمیں توقع ہے کہ امریکہ طالبان مذاکرات جلد بحال ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کا دارومدار، افغانستان میں قیام امن سے وابستہ ہے ۔ پاکستان، مشترکہ ذمہ داری کے تحت افغان امن عمل میں اپنا مصالحانہ کردار، خلوص نیت سے ادا کرتا رہے گا۔ زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ کوافغان طالبان اور امریکہ کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ افغان امن عمل کے لیے امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے افغانستان میں قیام امن کے لئے پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی۔علاوہ ازیں امریکی نمائندہ خصوصی نے اپنے ٹویٹس میں کہا کہ میں نے طالیان کے ساتھ ملاقات میں بگرام میں ہونے والے حملے پر شدید غصے کااظہار کیاجس میں دوافراد ہلاک اور درجنوں شہری زخمی ہوئے ۔انہوں نے کہاکہ طالبان کو افغان امن عمل کے حوالے سے اپنی مرضی اور افغانستان کے ردعمل کی خواہش کااظہار کرنا ہوگا۔افغانستان کیلئے امریکہ کے خصو صی نما ئندے زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ افغانستان میں بگرام ائیر بیس کے قر یب حملے کے بعد طالبان کے ساتھ مذ اکر ات تعطل کا شکار ہو گئے ہیں۔پاکستان میں امریکہ کے سفارتخانے کے جاری بیان کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی نے ملااقاتوں کے دوران خطے میں قیام امن ، معاشی اور سلامتی کے فوائد پر بھی زور دیا۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں